News Details

20/11/2019

پاک افغان سرحد کے برف پوش پہاڑوں پر تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات، بارڈرفورٹ چاغی کا افتتاح تیراہ میں گرینڈ آفریدی جرگہ سے خطاب ، تیراہ کو تحصیل کا درجہ دینے اور ہسپتال کے قیام کا اعلان

پاک افغان سرحد کے برف پوش پہاڑوں پر تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات، بارڈرفورٹ چاغی کا افتتاح تیراہ میں گرینڈ آفریدی جرگہ سے خطاب ، تیراہ کو تحصیل کا درجہ دینے اور ہسپتال کے قیام کا اعلان وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع خیبر میں وادی تیراہ کو تحصیل کا درجہ دینے اور وہاں ہسپتال کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔ اُنہوںنے تیراہ اور باڑہ میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے مجوزہ ڈیمز کی تعمیر اور تیراہ میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ فاٹا اب بندوبستی علاقوں میں شامل ہے جن کی پسماندگی دور کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ ہمیں ماضی کو بھول کر مستقبل کا سوچنا ہے ، بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہیں تاہم انضمام مخالف عناصر کے پیٹ میں مروڑ اُٹھ رہے ہیں۔ قبائلی عوام کیلئے ہر وقت حاضر ہوں ، بطور وزیراعلیٰ جو بھی ممکن ہوا کروں گا، مٹہ اور سابقہ فاٹا کے قبائلی اضلاع میں کوئی تفریق نہیں کرتا، یکساں ترقی چاہتا ہوں ، قبائلی عوام جن مشکلات سے دوچار رہے ہیں میں بھی اُن مشکلات سے گزرا ہوں اسلئے قبائل کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں اور ان مسائل کے خاتمے کیلئے بہترین ترقیاتی پلان تشکیل دیا گیا ہے جو 10 سالہ ترقیاتی حکمت عملی اور تیز رفتار عمل درآمد پروگرام پر مشتمل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وادی تیراہ ضلع خیبر کے دورہ کے دوران تیراہ ایجوکیشنل کمپلیکس پیندی چینہ میں تقریب اور تیراہ میں گرینڈ آفریدی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے اقبال آفریدی ، ایم پی اے شفیق آفریدی ، انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور نارتھ میجر جنرل راحت نسیم خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، ڈی سی خیبر محمود اسلم اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ کو پاک افغان سرحد وادی تیراہ پر سکیورٹی اینڈ مینجمنٹ پر بریفینگ دی گئی ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے تیراہ ایجوکیشنل کمپلیکس پیندی چینہ میں تعلیمی سہولیات اور فرنٹیر کور کی جانب سے عوام کیلئے لگائے گئے تین روزہ فری میڈیکل کیمپ کا معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ کو ایجوکیشنل کمپلیکس اور میڈیکل کیمپ پر تفصیلی بریفینگ بھی دی گئی ۔ اس موقع پر طلباءو طالبات کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انضمام سے پہلے اور بعد کی صورتحال میں فرق نمایاں ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی بدولت امن بحال ہوا ہے اور ہم بتدریج ترقی و خوشحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے معاشر ے کا بہترین فرد بنانا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایجوکیشنل کمپلیکس کو محکمہ تعلیم کے ذریعے تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔ بعدازاں گرینڈ آفریدی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں کی کوشش ہے کہ قبائلی اضلاع کو تیز تر ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کیا جائے ۔ سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضمام بلاشبہ ایک بڑا چیلنج تھا جسے ہم نے قبائلی عوام کے تعاون سے پورا کیا ہے ۔ اُمید ہے کہ قبائلی عمائدین آئندہ بھی ترقی اور خوشحالی کے اقدامات کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے 10 سالہ حکمت عملی وضع کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں تیز رفتار عمل درآمد پروگرام کے تحت متعدد اقدامات جاری ہیں۔ صحت سہولت پروگرام کے تحت قبائلی عوام کو صحت انصاف کارڈ کی سو فیصد سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ غربت کے خاتمے اور قبائلی نوجوانوں کو اُن کے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے انصاف روزگار سکیم کے تحت بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں۔ اُنہوںنے ضلع خیبر خصوصاً باڑہ اور تیراہ کیلئے ترقیاتی پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ باڑہ اور تیراہ کیلئے مجموعی طور پر تقریباًڈیڑھ سو کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ پانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے بارہ کس ڈیم سمیت دیگر مجوزہ منصوبوں کو بھی خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ اُنہوںنے یقین دلایا کہ تیراہ ہسپتال اور تحصیل عمارت آئندہ سال جون تک مکمل کرلی جائیں گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سکولوں او رہسپتالوں میں افرادی قوت پورا کرنے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ قبائلی اضلاع کے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ منظور کیا گیا ہے ، یہ تمام وسائل قبائلی عوام کا حق ہے جن کے ثمرات اُن کو ضرور ملیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ تیراہ بازار میں تاجروں کو نقصانات کا معاوضہ دینے اور شہدا ءپیکج کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے مسائل حل کئے جائیں گے ۔ اُنہوںنے ککی خیل قوم کی آباد کاری کیلئے بھی تعاون کا یقین دلایا ۔ اُنہوںنے تیراہ میں وسیع کھلی کچہری کا جلد انعقاد کر نے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ اُن کی حکومت قبائلی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے مکمل پرعزم ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ ہم سب پختون اور پاکستانی ہیں ، ہم نے مل کر اس علاقے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متاثرین میں سٹیزن لاءمعاوضے کے چیک بھی تقسیم کئے جبکہ وزیراعلیٰ کو آفریدی قبائل کی طرف سے سوئنیر بھی پیش کیا گیا