News Details

19/11/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سیاست سے بالاتر ہوکر صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سیاست سے بالاتر ہوکر صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اپوزیشن اراکین صوبائی اسمبلی کے رائے کو مدنظر رکھا جائیگا اور تمام امور خوش اسلوبی سے نمٹائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے کی روایات کیمطابق بھائی چارے اور پوری نیک نیتی سے تمام سیاسی پارٹیوں کے ایم پی ایز کو ساتھ لیکر چلے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپوزیشن کے تمام مسائل کے حل کے لئے پوری کوشش کرے گی اوران کے تمام تحفظات دور کرے گی۔ وہ وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں اپوزیشن کے اراکین صوبائی اسمبلی کے ایک جرگے کے ساتھ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون سلطان محمد خان ، وزیرمواصلات اکبر ایوب خان، وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی ، وزیرخوراک قلندر لودھی ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور اپوزیشن کے اراکین صوبائی اسمبلی جن میں عوامی نیشنل پارٹی سے سردار بابک ، خوشدل خان، جماعت اسلامی سے عنایت اللہ و دیگر نے شرکت کی۔ اپوزیشن اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل اور تحفظات سے وزیراعلیٰ کو تفصیلاً آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ ضلع کرک میں گیس رائلٹی کے مسئلے پر اجلاس منعقد کیا جائیگا ، جس میں اس کے حل کےلئے طریقہ کار وضع کیا جائیگا ، جبکہ کرک میں پینے کے صاف پانی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ضلع کرک میں میگا پراجیکٹ جلد از جلد شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے دروازے صوبے کے تمام ایم پی ایز کے لئے کھلے ہیں ، ہم سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ضلع کرک اور کوہاٹ کے مسائل کے حل کے لئے منسٹیریل کمیٹی بنانے کی تجویز سے بھی اصولی اتفاق کیا ہے۔ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ واضح کیا ہے کہ قبائلی اضلاع میں اجتماعی مفاد کی حامل سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا اور اس سلسلے میں قبائلی اضلاع کے اراکین صوبائی اسمبلی کو خصوصی پریزنٹیشن بھی دی جائیگی ، تاکہ ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں وہ بھر پور کردار ادا کر سکیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جنوبی اضلاع کی دیر پا ترقی اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بھی بہت جلد اجلاس منعقد کیا جائیگا جس کی صدارت وزیراعلیٰ خود کریں گے۔