News Details
08/11/2019
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال ؒکی شاعری نہ صرف امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے بلکہ انہوں نے زندگی کے مختلف موضوعات پر نہایت حکیمانہ رہنمائی کی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال ؒکی شاعری نہ صرف امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے بلکہ انہوں نے زندگی کے مختلف موضوعات پر نہایت حکیمانہ رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال ؒنے پاکستان کا تصور پیش کرکے مسلمانوں کو ایک علیحدہ تشخص اور پہچان دی، اسی تصور کی بنیاد پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار علامہ محمد ا ٰقبالؒ کے 142 ویں یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ کا کلام قوم میں حب الواطنی اور خدمت انسانیت کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ اقبالؒ نے رنگ و نسل کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کرکے وحدت امت مسلمہ پر زور دیا ، اقبال کی خواہش اور پیغام تھا کہ نیل سے لے کر کاشغر تک تمام مسلمان حرم کی پاسبانی اور غلبہ اسلام کی بحالی کیلئے ایک ہو جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے آج پھر ہمیں اقبالؒ کی فکر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اقبالؒ کے نظریات و افکار کے مطالعہ اور اس کی پیروی کے ذریعے ہم دنیا پر ثابت کر سکتے ہیں کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر قوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج تحریک پاکستان کے اس جذبے کی ضرورت ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کویکجا کرکے پاکستان کے قیام کے حصول کو ممکن بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اسی مقصد کے تحت ملک بھر میں عوامی سطح پر شعور کی بیداری کیلئے طویل جدوجہد کی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا مستقبل شعور کی بیداری، حق و سچ کی حمایت ، عادلانہ نظام اور بلاتفریق خدمت انسانیت سے وابستہ ہے ۔ ہم نے فلسفہءاقبالؒ کی روشنی میں ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا تعین ہو چکا ہے اس کا حصول عوام کی طاقت سے ممکن بنانا ہے۔
َِ