News Details
02/11/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملک میں غربت ، بیروزگاری ، پسماندگی اور نظام کی تباہی کے ذمہ دارسیاستدانوں کا گٹھ جوڑ جتنی بھی کوشش کر لے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ باشعور عوام اُن کے دھوکے میں آنے والے نہیں
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملک میں غربت ، بیروزگاری ، پسماندگی اور نظام کی تباہی کے ذمہ دارسیاستدانوں کا گٹھ جوڑ جتنی بھی کوشش کر لے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ باشعور عوام اُن کے دھوکے میں آنے والے نہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے باریاں لینے والے اور باہمی مفاہمت سے ملک وقوم کو لوٹنے والے نام نہاد سیاستدانوں سے تنگ عوام نے عمران خان پر اعتماد کیا ہے جو دن رات اندرونی اور بیرونی محاذ پر پاکستان کی بقاءو خوشحالی کی جنگ لڑ رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ کئی بار حکومت بنانے والے اور حکومتوں کا حصہ رہنے والے مسترد شدہ سیاستدان بھی آج پاکستان اور اسلام کے نام پر اپنی بقاءکی جنگ لڑ رہے ہیںتاہم اُنہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ اب عوام باشعور ہیں اور کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے ۔ عوام نے مفاد پرست حکمرانوں اور سیاستدانوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور عمران خان کی مخلصانہ قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ ماضی کے حکمرانوں کی لوٹ مار اور بے حسی کی وجہ سے دُنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ، ملکی معیشت تباہ ہو ئی اور حکمرانی کا نظام عوام کی بجائے ایک مخصوص سرمایہ دار طبقے کی خدمت تک محدود رہا۔ وہ ادارے جنہیں عوام کی خدمت کرنا تھی، اُنہیں سیاسی مداخلت کے ذریعے اشرافیہ کے مفاد ات کے تحفظ پر لگا دیا گیا تھا ۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی قوم نے نظام کی تبدیلی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا انتخاب کیا ۔ محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت ایک طرف ماضی کی تباہ حال معیشت کو استحکام دینے میں مصروف ہے تو دوسری طرف دُنیا میں پاکستان کا حقیقی تشخص اُجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔اس سلسلے میں گزشتہ ایک سال کی قلیل ترین مدت میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مخالفین کے پاس کہنے کو کچھ نہیں، یہ لوگ خود ابہام اور تذبذب کا شکار ہیں ۔ پاکستان میں امن کی بحالی اور ترقی کے خلا ف رکاوٹیں ڈال رہے ہیں کیونکہ انہیں ماضی میں بھی صرف اپنی ذات کی فکر رہی ہے اور آج بھی ان لوگوں کو اپنی دکانیں بند ہونے کا خوف ہے ۔ اگر مخالفین اپنے بیانیے میں سچے ہوتے تو ان کے ہاتھ کس نے روک رکھے تھے جب یہ حکمران تھے ۔ نظام کی بہتری کیلئے اور مسائل کے خاتمے کیلئے اقدامات کیوں نہ کئے مگر ان کا پاکستان اور اس کے عوام سے کیا سروکار تھا یہ اپنی لوٹ مار میں مصروف رہے ۔ وازیراعلیٰ نے کہاکہ آج عمران خان کی مخلصانہ قیادت میں پاکستان بہتری کی طرف گامزن ہے اور یہی بات ملک دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ملک کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دے گی ۔ ہم ملک میں ترقی او خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے اور ترقیافتہ اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔