News Details
14/10/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں وزیراعظم کے اقدام برائے دیہی گھریلو مرغبانی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں وزیراعظم کے اقدام برائے دیہی گھریلو مرغبانی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا ہے ۔ یہ پروگرام نیشنل ایگرکلچرل ایمرجنسی پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت آئندہ چار سالوں میں صوبے میں 10 لاکھ مرغیاں تقسیم کی جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق گھریلو مرغبانی کے تحت منصوبے میں دلچسپی لینے والے مستحق افراد میں 10 لاکھ مرغیاں فارم یونٹس کی شکل میں رعایتی نرخوں پر تقسیم کی جائیں گی ، ہر فارم یونٹ پانچ مرغیوں اور ایک مرغے پر مشتمل ہو گا۔ طے شدہ طریق کار کے تحت مستحق خاندانوں کا انتخاب کیا جائے گا اور اُنہیں پرنٹ میڈیا میں اشتہار کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ ہر درخواست گزار پولٹری کے ایک یونٹ (پانچ مرغیوں اور ایک مرغے ) کیلئے 1050 روپے ادا کرے گا۔ ہر سال تقریباً 40,000 فارم یونٹس تقسیم کئے جائیں گے ۔منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت معاشرے کے نادار طبقے کی فلاح پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ، یہ اقدام صوبے میں کسانوں خصوصاً اس شعبے میں خواتین کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود گزشتہ 70 سالوں کے دوران خیبرپختونخوا کے زراعت ، لائیو سٹاک اور پولٹری کے شعبے میں صرف 47 ارب روپے خرچ کئے گئے ۔ تاہم انہوںنے واضح کیاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے 2018 سے 2023 تک اپنے موجودہ دور حکومت میں زراعت، لائیوسٹا ک او رپولٹری کے شعبے میں 85 ارب روپے خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے ۔ محمود خان نے کہاکہ اُن کی حکومت صوبے میں بیک وقت زراعت اور صنعت کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے جس کا مقصد آمدنی میں اضافہ ، روزگار کی فراہمی اور غربت کا خاتمہ ہے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ماضی کی حکومتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کی مخالف سیاسی جماعتوں کا مقصد اور وژن صرف کرپشن کرنا اور ذاتی مفادات کا تحفظ تھا جس نے قومی معیشت کو تباہی کے دہانے لا کھڑا کیا اور ملک کے بچے بچے کو مقروض بنا دیا ۔ محمود خان نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور مخلص قیادت میں معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیںجو صرف اصلاحات تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کے غریب اور نادار طبقے کو ریلیف اور تعاون فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے صنعتی صارفین کو ویلنگ ماڈل کے ذریعے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کیا ہے جو نہ صرف صنعتوں کو فروغ دینے میں مدد دے گا بلکہ صوبائی خزانے میں آمدنی کے اضافے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ اس منصوبے سے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی اور ریسرچ صاحبزادہ محمد محبوب سلطان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہاکہ گھریلو مرغبانی منصوبے کے تحت آئندہ چار سالوں میں پنجاب میں 20 لاکھ مرغیاں تقسیم کی جائیں گی، اسی طرح خیبرپختونخو امیں 10 لاکھ، سندھ میں 10 لاکھ جبکہ بلوچستان اور آزاد جموں کشمیر میں پانچ پانچ لاکھ مرغیاں تقسیم کی جائیں گی جو غربت کے خاتمے میں مدد دے گا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مالی مشکلات کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے اس منصوبے کا اجراءممکن بنایا ہے کیونکہ معاشرے کے نادار طبقے کو اُٹھائے بغیر حقیقی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے انکشاف کیا کہ اگلے مرحلے میں اس پروگرام کو ضم شدہ قبائلی اضلاع کرم ، باجوڑ اور خیبر تک توسیع دی جائے گی ۔ عمران خان پاکستانی عوام کیلئے اُمید کی کرن ہیں اور پاکستان عمران خان کی والہانہ قیادت میں ترقی و خوشحالی کی منزل پا کر رہے گا ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹبلشمنٹ ارباب شہزاد،صوبائی وزیر زراعت محب اﷲ خان ،وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی کامران بنگش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخو ا شہزاد بنگش ، ایم پی اے ملک واجد اور دیگر متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔