News Details

11/10/2019

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حویلیاں کا دورہ۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حویلیاں کا دورہ۔ وزیراعلیٰ کی ڈائس آرگنائزیشن کے تعاون سے یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں شرکت، یونیورسٹی کیلئے 500 ملین روپے ریکرنگ گرانٹ اور 900 ملین روپے ترقیاتی گرانٹ کا اعلان، ترقیاتی گرانٹ آئندہ اے ڈی پی میں ڈالی جائیگی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرورنی سطح پر چیلنجز کا سامنا ہے ، ہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، تمام مسائل جلد حل کرکے دکھائیں گے، جیت پاکستان اور تحریک انصاف کی ہوگی، تحریک انصاف جب پہلی بار 2013 ءمیں حکومت میں آئی تو یہ صوبہ مسائل کا گڑھ تھا ، جامعات میں انفراسٹرکچر اور تعلیم کا نظام درہم برہم تھا ، صوبائی حکومت نے نہ صرف سابقہ حکومتوں کے ادھورے منصوبے مکمل کئے بلکہ وسیع پیمانے پر تعلیمی اصلاحات نافذ کیں اور نئے تعلیمی ادارے قائم کئے۔ آنے والی نسل کو عالمی معیار کے مطابق اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی حویلیاں میں ڈائس آرگنائزیشن کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کا مقصد طلبہ کے کاروباری اذہان کی تیاری اور انٹرپرینورشپ کے ماحول کو ترقی دینا تھا ۔ صوبائی اسمبلی کے سپیکر مشتاق غنی، وزیر خوراک قلندر لودھی اور دیگر پارٹی عہدیداران بھی تقریب میں موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ اس مقصد کیلئے صوبے میں تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ۔ صوبے کے تمام اضلاع میں طلبہ و طالبات کی اعلیٰ تعلیم تک آسان رسائی یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف کو صوبے میں حکومت ملی تو تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر تک موجود نہیں تھا ہماری حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر یہ مسائل حل کئے اور اداروں کو صحیح معنوں میں فعال بنایا۔ محمود خان نے کہا کہ گو کہ اس وقت پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے مگر ہم ان چیلنجز کا مقابلہ کرینگے اور پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال کر تیزتر ترقی کی راہ پر گامزن کرکے دکھائیں گے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ڈائس آرگنائزیشن کی طرف سے صوبے کی یونیورسٹیوں میں تقاریب کے انعقاد کو سراہا انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت طلبا کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے اقدامات سے بھرپور تعاون کریگی۔انہوں نے یونیورسٹی میں منعقد ہ ایکسپوکے اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنے کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی میں شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے اور یونیورسٹی میں نئے تعمیر شدہ بلاک کا افتتاح بھی کیا۔انہوں نے صوبہ بھر سے مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا کی طرف سے لگائے گئے سٹال کا معائنہ بھی کیا۔ بعدازا ں وزیراعلیٰ ، سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی کے گھر غنی باغ بھی گئے جہا ں انہوں نے ظہرانے میں شرکت کی اور پی ٹی آئی کے مقامی رہنماﺅں کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا۔