News Details

27/09/2019

قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے، صوبے میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلیٰ

قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے، وزیراعلیٰ محمود خان صوبے میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور خیبر پختونحوا کے گورنر شاہ فرمان نے پشاور کے علاقے متنی میں نئے تعمیرشدہ گورنمنٹ ڈگری کالج کوہ دامان کا باضابطہ افتتاح کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے میں نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج متنی چالیس کنال رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے جبکہ کالج کی تعمیر پر 340 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ ڈگری کالج چھ لیبارٹریز پر مشتمل ہے جس میں چار سائنس لیبارٹریز جبکہ دوکمپیوٹرلیبارٹریز شامل ہیں۔کالج میںکل373 طلبا زیر تعلیم ہیںجبکہ مذکورہ کالج میں مزید طلباءکی تعلیم کیلئے بھی گنجائش موجود ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ متنی ڈگری کالج سے ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد فراہم ہو گی ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قوموں کی ترقی کا راز تعلیم کے حصول میں مضمر ہے ۔ اسی نظریے کے تحت صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھار ہی ہے ۔پشاور میں متنی ڈگری کالج کے باضابطہ افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے افتتاحی تقریب اور وہاں پر عوامی جلسے سے خطاب بھی کیا ہے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ کوہ دامن کی پانچ یونین کونسلز کوہ دامن تحصیل کا حصہ ہوں گی۔ انہوں نے کوہ دامن میں 400 سے زائد مساجد کی سولرائزیشن کا بھی اعلان کیا جس کی منظوری پہلے سے ہو چکی ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ اوچ نہر کی تکمیل موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی، موجودہ حکومت نے اس مقصد کیلئے ایک کروڑ روپے سے زائد رقم کی منظوری بھی دی ہے ۔اس موقع پر انہوں نے کوہ دامن ڈیم کی فزیبلٹی تیار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں حکومت ملتے ہی کئی چیلنجز کا سامنا تھا ان چیلنجز میں سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضمام یقینا ایک مشکل مرحلہ تھا جس کو موجودہ صوبائی حکومت نے نہ صرف ممکن بنایا بلکہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں شفاف الیکشن کا انعقاد بھی بطریق احسن یقینی بنایا۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ قبائلی اضلاع میں تحریک انصاف کا سب سے زیادہ نشستیں جیتنا اس بات کی دلیل ہے کہ قبائلی اضلاع میں بھی عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوںنے گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی سابقہ فاٹا کے صوبے میں انضما م پر کاوشوں کو بھی سراہا ہے۔ خطاب کے دوران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں تعلیم اور صحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں ۔انہوںنے کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کشمیر کے مسئلے پر وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے کشمیری بھائیوں کے حق کیلئے ہر حد تک جائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں کشمیر کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارت نے کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر موقع ملا تو کشمیر میں جہاد کیلئے گھس کر دہلی تک جائینگے۔انہوںنے کہا ہے کہ پشاور اور سوات یونیورسٹی میں رونما ہونے والے مختلف واقعات سے باخبر ہوں۔ انہوںنے کہاکہ جو طلباءغلط سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ، ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور واضح کیاکہ تمام تر کاروائی میرٹ اور انصاف کے مطابق کی جائے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومتیں عوام کے لئے بنتی ہیں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتی ہیں، صوبائی حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات اُٹھائے گی چاہے ان اقدامات سے کوئی خوش ہو یا ناراض۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت تمام شعبوں میں اصلاحات لارہی ہے اور نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ صوبے میں ہسپتالوں کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت نے ڈی ایچ اے ا اور آر ایچ اے جیسے نئے قوانین بھی آج صوبائی اسمبلی سے پاس کرائے ہیں۔ انہوںنے واضح کیا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ حکومت کمز ور ہے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے تو اُن کو مشورہ دیتا ہوں کہ یہ بات ذہن سے نکال دے ۔ حکومت بالکل کمزور نہیں ہے۔موجودہ صوبائی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہسپتالوں میں اصلاحات نافذ کی ہیں جو وقت کی ضرورت ہیں۔انہوںنے واضح کیاکہ سرکاری اہلکاروں کو اپنی مرضی کے مطابق کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔سرکاری اہلکار صوبے کے عوام کی خواہشات کے مطابق خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں گے کیونکہ حکومت عوامی خدمت کے لیے ہوتی ہے سرکاری افسران کی خواہشات پوری کرنے کے لیے نہیں ہوتی۔وزیراعلیٰ نے مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ قومی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے ، حالات بتدریج بہتر ہورہے ہیں ، عوام کو بہت جلد ریلیف ملے گا۔ صوبے میں بھی معیشت بہتری کی طرف جارہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے تمام علاقوں میں ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل ممکن بنائی جائے گی۔