News Details

21/09/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر سے اجتناب کرنے ، نئی سکیموں پر بر وقت کام شروع کرنے اور تکمیل کے قریب سکیموں کو پہلی فرصت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر سے اجتناب کرنے ، نئی سکیموں پر بر وقت کام شروع کرنے اور تکمیل کے قریب سکیموں کو پہلی فرصت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے سکیموں کے لئے مختص وسائل کا شفاف استعمال یقینی بناتے ہوئے اپنے ترقیاتی اہداف بروقت مکمل کرےں۔ انہوں نے ضلع سوات میں روڈز ، ایریگیشن اور بلڈنگز کے شعبوں میں سکیموں کو ٹائم لائن کیمطابق مکمل کرنے اور مکمل شدہ عمارتوں کو متعلقہ محکموں کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ انہیں عوامی مفاد اور سہولت کیلئے استعمال میں لایا جاسکے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوات کے ترقیاتی پروگراموں پر دوسرے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو ضلع سوات میں جاری مختلف سکیموں خصوصاً سڑکوں ، آبپاشی اور عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے منصوبوں پر کام کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جن میں سول ہسپتال مدین ، سیدو میڈیکل کالج میں لیکچر تھیٹر اور لیبارٹریزکے قیام ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبل کی درجہ سی تک اپ گریڈیشن ، بی ایچ یوز بارشاوراور درما ل کی اپ گریڈیشن، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مٹہ کی سٹینڈرڈائزیشن، پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج کی تعمیر ، ڈسٹرکٹ جیل سوات ، باغ ڈھیری ایریگیشن سکیم کی تعمیر ، تحصیل مٹہ میں ایریگیشن چینل اور تالابوں کی بحالی، مینگورہ شہر میں کینال پٹرول روڈ کی تعمیر، ایریگیشن سہولیات کی بہتری، سیلاب سے بچاو¿ کیلئے حفاظتی دیواروں کی تعمیر ، شعبہ ایریگیشن اور عمارات میں دیگر جاری سکیموں سمیت سڑکوں کی تعمیرکے متعدد منصوبے شامل ہےں ۔ وزیراعلیٰ نے تمام جاری سکیموں کو مقرر شدہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ سکیمیں جو تکمیل کے مراحل میں ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام ان سکیموں سے استفادہ کرسکیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں پر جلد کام شروع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیموں پر عملدرآمدمیں تاخیر سے وسائل بھی ضائع ہو تے ہے اور عوام کی مشکلات بھی بڑھ جاتی ہے۔ تمام محکمے اپنے ترقیاتی اہداف بروقت حاصل کرنے کے پابند ہے ، وقت اور وسائل ضائع نہ کرےں اور اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے آئندہ اجلاس میں خاطر خواہ پیش رفت پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مالاکنڈ ڈویژنل ڈویلپمنٹ پلان پر گائیڈ لائنز پیش کرنے اور سوات موٹر وے کے فیز ۔ون کی تیز رفتار تکمیل کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے سوات موٹر وے کے دوسرے فیز پر بھی جلد کام کا اجراءکرنے کی ہدایت کی۔