News Details

17/09/2019

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے طورخم کے مقام پر پاک افغان سرحد کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انھوں نے پاک افغان سرحد 24 گھنٹے کھولنے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے طورخم کے مقام پر پاک افغان سرحد کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انھوں نے پاک افغان سرحد 24 گھنٹے کھولنے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل پاک افغان سرحد 24 گھنٹے کھولنے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے جس سے دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ دونوں ممالک سمیت وسطی ایشیا تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی برآمدات میں اضافہ ممکن ہو گا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ درہ خیبر صدیوں سے تجارتی مرکز رہا ہے جس سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق سرحد 24 گھنٹے کے لیے کھولی جارہی ہے جس سے قبائلی عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت کی خواہش ہے کہ افغانستان سمیت وسطی ایشیا کے ممالک کے ساتھ تجارتی روابط قائم کئے جائیں جس سے پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ قبائلی اضلاع میں ہسپتالوں کی بہتری اور صوبائی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت بہت جلد اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھے گی اور واضح کیا کہ موجود حکومت کی کارکردگی تمام صوبوں سے بہتر رہی ہے جبکہ قبائلی اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں بہت جلد انقلابی اصلاحات متعارف کی جائیں گی جسے قبائلی اضلاع کے عوام کو صحت سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو ابتک دیئے جانے والے تمام اہداف موثر انداز میںحاصل کئے گئے ہیں۔