News Details
16/09/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عوام کو خدمات کی بروقت اور موثر فراہمی کیلئے صوبائی محکموں اور اداروں میں جدت متعارف کرائی جارہی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عوام کو خدمات کی بروقت اور موثر فراہمی کیلئے صوبائی محکموں اور اداروں میں جدت متعارف کرائی جارہی ہے۔اس مقصد کیلئے خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر اداروں کو صحیح معنوں میں فعال بنایا جارہا ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ صوبائی حکومت کی ڈیجیٹل پالیسی کے تحت مجوزہ اہداف کا حصول ممکن ہوسکے۔خیبرپختونخوا حکومت انفارمیشن ایند کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے میدان میںترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ صوبے کے آئی سی ٹی کے شعبے میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں اس شعبے میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا ۔وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میںاراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے آئی ٹی کی صنعت کا فروغ ناگزیر ہے، ہمیں اپنے روایتی طرز حکمرانی سے نکل کر جدت کی طرف جانا ہوگا۔صوبائی حکومت اس سلسلے میں مکمل منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ محمود خان نے اس موقع پر حکومت کے اہم منصوبوں کا ذکر بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ڈیجیٹل یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت مختلف نوعیت کے منصوبے جاری ہیں جن میں نوجوانوں کو فنی تربیت دی جارہی ہے۔ یہ نوجوان نا صرف خود نفع بخش کاروبار کر رہے ہیںبلکہ دیگر بے روزگار نوجوانوں کو بھی اپنے ساتھ روزگار کے مواقع دے پارہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام یقینی طور پر ملک میں بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔اس پروگرام سے اب تک ہزاروں نوجوان مستفید ہوچکے ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ارلی ایج پروگرامنگ کے تحت صوبے کے سینکڑوں سرکاری سکولوں میں بچوں کو انوویشن ، ٹیکنالوجی اینڈ آئیڈیاز کے حوالے سے تربیت دی گئی ہے۔کالجز میں داخلے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کے اجراءسمیت ایف آئی آرز اور روزنامچو ں کی آٹومیشن ، بھرتیوں کیلئے آن لائن ایپلیکیشن اینڈ شارٹ لسٹنگ، سائبر ریکارڈ سنٹرزاور سرکاری دفاتر کی ڈیجیٹلائزیشن جیسے اہم منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت صوبے میں شفافیت یقینی بنانے، اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے، جوابدہی کا نظام وضع کرنے اور جدید آئیڈیا کے فروغ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کیلئے تمام محکموں کو تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان تمام کاوشوں کا حتمی مقصد عوام کی توقعات کے مطابق نظر آنے والی تبدیلی پر مبنی خدمات کی فراہمی کا نظام یقینی بنانا ہے۔ہم بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ خدمات کے حصول کیلئے عام آدمی کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے۔