News Details
14/09/2019
صوبائی حکومت چیلنجز کے باوجود اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب رہی ہے: محمود خان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت گذشتہ ایک سال کے دوران مختلف نوعیت کے چیلنجز کے باوجود اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب رہی ہے۔ صوبائی حکومت نے نہ صرف صوبائی سطح پر موجود چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے بلکہ قومی سطح پر اجتماعی اہداف کے سلسلے میں بھی خاطرخواہ حصہ ڈالنے میں کامیاب رہی ہے۔سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضمام ایک دیرینہ مسئلہ اور بڑا چیلنج تھا۔ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں بھی اپنی استعداد سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور قبائلی علاقوں کا صوبے میں پرامن انضمام یقینی بنایا ۔ وزیراعلیٰ ہاﺅس میں اراکین صوبائی اسمبلی اور مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران صوبائی حکومت کی زیادہ تر توجہ ضم شدہ قبائلی اضلاع پر مرکوز رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع میں عوام کو جلد ریلیف دینے کیلئے فوری اثرات کے حامل اقدامات کے ساتھ ساتھ دس سالہ ترقیاتی حکمت عملی بھی وضع کی گئی ہے، ترقیاتی حکمت عملی کی تشکیل میں تمام سٹیک ہولڈرز سے طویل اور نتیجہ خیز مشاورت کی گئی ہے جو قبائلی اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کیلئے صوبائی حکومت کی سنجیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سماجی خدمات کے شعبوں میں اصلاحات اور بہتری کا عمل بھی جاری رکھا۔عوام کو صحت ، تعلیم اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے دستیاب وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنایا گیا ہے ۔حکومت کے تمام تر اقدامات اور اصلاحات کا مقصد عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بے روزگاری کے خاتمے کیلئے حکومتی حکمت عملی کا بھی ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے تیزرفتار صنعت کاری اور سرمایہ کاری کا راستہ ہموار کیا جا رہا ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ سرکاری نوکریاں بے روزگاری سے نمٹنے کیلئے کافی نہیں۔ صوبائی حکومت نے میرٹ اور شفافیت پر بھرتیوں کا طریقہ کار متعارف کرایا جس کے ذریعے ہزاروں قابل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد سسٹم کاحصہ بن چکے ہیں۔تاہم روزگار کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر فنی تعلیم کا فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔اس وقت ایک طرف صوبے میں متعدد فنی تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں اور دوسری طرف بیمار صنعتوں کی بحالی اور نئی صنعتوں کے فروغ پر بھی کام جاری ہے۔محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کی معیشت کوا ستحکام دینے اور مالی بنیاد کو مستحکم کرنے کیلئے قابل عمل منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ معدنیات ، سیاحت ، توانائی اور دیگر پیداوری شعبوں میں موجود استعدادکو معاشی استحکام کا زینہ بنانے پر کام جاری ہے۔سی پیک کے تناظر میں اس خطے کا مستقبل درخشاں ہے۔مستقبل قریب کے تبدیل شدہ منظر نامے میں خیبرپختونخوا تجارتی و معاشی کوریڈور کے طور پر سامنے آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے میں مربوط مواصلاتی نیٹ ورک بچھایا جا رہا ہے۔ حالات بتدریج بدل رہے ہیں، خطے میں امن کی بحالی کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیںجو نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کیلئے خوش آئند ہے۔
ََِِ