News Details

11/09/2019

پاک افغان طور خم بارڈر باقاعدہ طور پر 24 گھنٹے کھلا رکھنے سے علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا،

پاک افغان طور خم بارڈر باقاعدہ طور پر 24 گھنٹے کھلا رکھنے سے علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا، محمود خان صوبائی حکومت اپنی ایک سالہ کارکردگی بہت جلد عوام کے سامنے پیش کرے گی، محمود خان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاک افغان طور خم بارڈر 24 گھنٹے کھولنے سے نہ صرف علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کی طرف بھی ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔انھوں نے کہا ہے کہ بارڈر پر موجود تمام اداروں نے چوبیس گھنٹوں کیلئے شفٹوں میں کام بھی شروع کردیا ہے جبکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بہت جلد طور خم بارڈرکوتجارتی سرگرمیوں کیلئے چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کا باقاعدہ افتتاح بھی کریں گے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنی ایک سالہ کارکردگی بہت جلد عوام کے سامنے پیش کرے گی ۔ ایک سالہ کارکردگی تقریب میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے سامنے اپنی سالانہ کارکردگی رکھ رہی ہے ۔ یہاں سے جاری ایک پیغام میں اُنہوںنے واضح کیا ہے کہ طورخم بارڈر کے چوبیس گھنٹے کھولنے سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئیں گے جبکہ حکومت وقت کی اس انقلابی اقدام سے نہ صرف افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی بلکہ وسطی ایشیاءکے تمام ممالک سے تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ طور خم بارڈر چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے سے دونوں ممالک کے عوام کو روزگار کے وسیع مواقع بھی میسر آئیں گے ۔ ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے اپنی اس قلیل مدت میں سابقہ فاٹا کا مکمل انضمام ، قبائلی اضلاع میں پرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد جبکہ ان اضلاع میں تمام صوبائی اداروں کی توسیع ممکن بنائی ہے ۔ قبائلی اضلاع میں عوام کو ان کا بنیادی حق دینا اور وہاں پر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور خدمات کی فراہمی، صوبائی اداروں میں ریفارمز اور اصلاحات لانے کیلئے حکومت کی کاوشوں اور ان اصلاحات اور ریفارمز سے اداروں کی بنیادی ساخت میں تبدیلی ایک سالہ کارکردگی میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا گزشتہ ایک سال میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور دیگر میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار اور وسائل کی فراہمی بھی عوام کے سامنے رکھے گی ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا صوبے بھر کے عوام کیلئے صحت انصاف کارڈ کا منصوبہ ، انصاف روزگار سکیم ، صوبے میں معیشت کی ترقی کیلئے انڈسٹریل زونزکا قیام، انفراسٹرکچر کی بحالی ، صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات ، اداروں سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات، شیلٹر ہومز اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے اپنی ایک سالہ کارکردگی میڈیا اور عوام کے سامنے رکھنے جارہی ہے ، جس کا مقصد عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کو فروغ دینا ہے تاکہ عوام کو حکومتی کارکردگی سے آگاہ کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت نے سمت کا تعین کرلیا ہے ۔ صوبے کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ صنعت کے فروغ کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں مدعو کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف صوبے میں صنعت کو فروغ ملے گابلکہ عوام کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھنے کا مقصد مثبت تنقید کو فروغ دینا ہے تاکہ صوبے میں جمہوری عمل کو فروغ مل سکے ۔