News Details
02/09/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور میں سٹیز ن فیسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کو اسی سال فعال بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کو اگلے سال ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ز اور قبائلی اضلاع تک بھی توسیع دی جائیگی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور میں سٹیز ن فیسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کو اسی سال فعال بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کو اگلے سال ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ز اور قبائلی اضلاع تک بھی توسیع دی جائیگی۔ سیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹر سے عوام کو سروس ڈیلیوری کی فراہمی جلدی اور باآسانی ممکن ہو سکے گی ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے بھر کے پولیس سٹیشنوں کیلئے کے پی ۔آئی ٹی بورڈ کی تعاون سے اطلاع کے نام سے ڈیجیٹل رپورٹنگ ہب کی توسیعی منصوبے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا ہے۔ ڈیجیٹل رپورٹنگ ہب پر صوبے بھر کے تمام پولیس سٹیشنوں کی روزمرہ کاروائیاں، ابتدائی اطلاعی رپورٹ، روزنامچے و دیگر امور بھی ڈیجیٹل طریقے سے نوٹ کئے جائیں گے۔ ڈیجیٹل رپورٹنگ ہب سے صوبے بھر کی پولیس سٹیشنوں کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کی نگرانی بھی آن لائن کی جا سکے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں کے پی، آئی ٹی بورڈ کی تعاون سے ڈیجیٹل سروس یونٹ کے قیام سے بھی اتفاق کیا ہے جس سے پورے سیکرٹریٹ کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ وہ وزیراعلیٰ ہاو¿س پشاور میں کے پی ۔آئی ٹی بورڈ کی مختلف ڈیجیٹائزیشن منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران خان بنگش ، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی، ایم ڈی کے پی آئی ٹی بورڈ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو صوبے بھر کے پولیس سٹیشنوں کے لئے اطلاع کے نام سے ڈیجیٹل رپورٹنگ ہب کے قیام ، پشاور میں سیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹر کے قیام ، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈیجیٹل سنٹر یونٹ کے قیام ، پرانے اسلحہ لائسنس کو سمارٹ کارڈزمیں تبدیل کرنے ، سمارٹ سٹی پشاور منصوبہ ، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ای ۔آفس کا قیام ، صوبائی سیکرٹریٹ اور صوبائی کیبینٹ کی آفس آٹومیشن منصوبہ ، صوبے بھرکے کالجز اور یونیورسٹیوں میں دستاویزات کی ای۔ ویریفیکیشن ، صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کیلئے آن لائن رجسٹریشن پورٹل جبکہ صوبے بھر کے مختلف محکموں میں بھرتیوں کیلئے آسامی کے نام سے ڈیجیٹل آن لائن جاب پورٹل کے قیام پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ڈیجٹیل جاب پورٹل میں اُمیدواروں کو خالی آسامیوں کے بارے میں آن لائن معلومات فراہم کی جائیں گی اور اُمیدوار مختلف محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتی ہونے کیلئے آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے جبکہ محکموں کو اُمیدواروں کے کاغذات کی جانچ پرکھ میں بھی آسانی میسر ہو گی۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ڈیجٹیل سروس یونٹ اورای آفس کے ذریعے صوبے بھر کے محکموں کی کارکردگی آن لائن دیکھی جا سکے گی اورکسی بھی محکمے میں فائل ٹریک کیا جا سکے گا۔ مزید بتایا گیا کہ ڈیجٹیائزیشن سے تمام محکموں کی کارکردگی کی آن لائن نگرانی ممکن ہو سکے گی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترویج کیلئے اقدامات اُٹھارہی ہے اور تمام اداروں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرانا ترجیحات میں شامل ہے ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ لیا جائے گا۔ سٹیزن فسلیٹیشن سنٹر کے قیام سے شہریوں کو سروس ڈیلیوری میں جدت اور بہتری آئے گی ۔