News Details
29/08/2019
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سید وشریف ائیر پور ٹ کی رن وے میں حائل ایریگشن کینال کو تین مہینوں کے اندر دوسری جگہ شفٹ کرنے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سید وشریف ائیر پور ٹ کی رن وے میں حائل ایریگشن کینال کو تین مہینوں کے اندر دوسری جگہ شفٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں کے تناظر میں یہ ایئرپورٹ بڑی اہمیت کا حامل ہے جس کی جلد تکمیل کے لیئے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرےگی۔ انہوں نے پی اے ایف کے تعاو ن سے مالم جبہ اور گبین جبہ میں سکی ٹریننگ سکولز قائم کرنے کے منصوبے سے اُصولی اتفاق کیا ہے ۔ اُنہوںنے خویشگی نیشنل پارک کی تعمیر سے بھی اُصولی اتفاق کیا اور اس سلسلے میں خصوصی اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے سوات مینگورہ میں پی اے ایف سیلیکشن سنٹر کے قیام کی تجویز سے اتفاق کیا ہے اور کہا ہے کہ سوات مینگورہ میں میڈیکل سنٹر کے قیام کیلئے بھی کوشش کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایئر وائس مارشل اے اوسی ناردرن ایئر کمانڈ عبد المعید خان سے وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ بھی ا س موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو سید و ائیرپورٹ پر کام کی پیشرفت، مالم جبہ اور گبین جبہ میں سکی ٹریننگ سکولز کے قیام اور خویشگی نیشنل پارک کے قیام کیلئے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سیدو شریف ایئر پورٹ بین الاقوامی سطح کا ایئر پورٹ ہو گا جو کہ جوائنٹ یوزر ائیر پورٹ کی طرز پر بنایا جائے گا۔ اس ائیر پورٹ سے پی آئی اے انٹرنیشنل فلائٹس بھی چلائی جائیں گی ۔ ایئر پورٹ کے معیار کی بہتری کیلئے موجودہ رن وے کے ساتھ اضافی رن وے بھی تعمیر کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سید و ائیر پورٹ سے نہ صرف وہاں کے عوام کو فائدہ ہو گا بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی جدت آئے گی جبکہ ائیر پورٹ سے صوبائی محاصل میں اضافہ بھی ممکن ہو سکے گا۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ ایئر پورٹ کی تکمیل سے بین الاقوامی سیاحوں کو صوبے میں موجود سیاحتی مقامات تک رسائی میں بھی سفری سہولت میسر ہوگی ۔وزیراعلیٰ کو مالم جبہ اور گبین جبہ میں سکی ٹریننگ سکولز کے قیام پر بھی تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ مالم جبہ میں 300 کنال پر محیط رقبے پر سکی ٹریننگ سکول قائم کیا جا ئے گاجس کے قیام کے بعد عالمی سطح کے سکی سپورٹس مقابلے بھی مالم جبہ میں منعقد کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ کو نوشہرہ خویشگی میں نیشنل پارک کے قیام پر بھی بریفینگ دی گئی ۔ واضح رہے کہ نیشنل پارک خویشگی صوبے میں سب سے بڑا نیشنل پارک ہو گا جوکہ 1900 کنال رقبے پر محیط ہوگا۔ نیشنل پارک سے مردان ، نوشہرہ، چارسدہ ، پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع کے عوام مستفید ہوں گے ۔ اجلاس کو سوات مینگورہ میں پی اے ایف سیلیکشن سنٹر کے قیام کے حوالے سے بھی بریفینگ دی گئی ۔ مزید بتایا گیا کہ اس سنٹر کے قیام سے نہ صرف شمالی اضلاع کے نوجوانوں کو پی اے ایف میں بھرتی ہونے کیلئے سہولت میسر ہو گی بلکہ پشاور پی اے ایف سیلیکشن سنٹر میں بھرتیوں کے عمل کے دوران بوجھ بھی کم ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا ہے کہ خویشگی نیشنل پار ک منصوبے کے حوالے سے جلد اجلاس منعقد کیا جائے گاجبکہ صوبائی حکومت خویشگی نیشنل پارک کی تعمیر کے سلسلے میں پی اے ایف کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائے گی ۔ اُنہوںنے پی اے ایف کی جانب سے مالم جبہ اور گبین جبہ میں سکی ٹریننگ سکول کے قیام کو خوش آئند قرار دیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے گی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مینگورہ میں پی اے ایف سیلیکیشن سنٹر کے قیام سے شمالی علاقہ جات کے نوجوانوں کو پاکستان ایئر فورس میں شامل ہونے کیلئے سہولت میسر آئے گی ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ صوبے کی معیشت کو استحکام دینے کیلئے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے جبکہ سیاحت کے فروغ میں اُن منصوبوں پرخصوصی توجہ دی جائے گی جس سے صوبہ معاشی طور پر مستحکم ہو سکے ۔