News Details
27/08/2019
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع سے صوبائی اسمبلی کے نو منتخب اراکین کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ نئے اراکین کا بطور رکن صوبائی اسمبلی حلف اٹھانا نہایت خوش آئند ہے ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع سے صوبائی اسمبلی کے نو منتخب اراکین کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ نئے اراکین کا بطور رکن صوبائی اسمبلی حلف اٹھانا نہایت خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی دفعہ قبائلی علاقوں کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی گئی جو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر سب کا ساتھ دیں گے، ہم ایک تھے اور ایک رہیں گے اور ملکر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بھی اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وفاقی حکومت اور فوج کےساتھ کھڑے ہےں ، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم بھر پور حمایت کریں گے۔ ہمارے بڑوں نے آزاد کشمیر حاصل کیا تھا، ہم مقبوضہ کشمیر بھی آزاد کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں خصوصی طور پر ضم شدہ قبائلی اضلاع سے نو منتخب ممبران کو مبارکباد دی جنہوں نے آج باضابطہ طور پر بطور رکن صوبائی اسمبلی حلف اُٹھا یا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلاشبہ سابقہ فاٹا کا صوبے میں انضمام ایک بڑا چیلنج تھا جسے موجودہ حکومت نے بحسن خوبی پورا کیا ہے۔ اس مجموعی عمل میں وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے ۔ ہم انضمام کے سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے قبائلی علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کا وعدہ پورا کردیا ہے جس سے انضمام کا عمل بھی مکمل ہو چکاہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ سب کو ساتھ لیکر چلےں گے اور عوام کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ قبائلی عوام سے سو ارب روپے کے پیکج کا وعدہ بھی پورا کر دیا ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ قبائلی ارکان کو اپنے علاقوں کے مسائل کا بخوبی علم ہے ، امید ہے کہ وہ صوبائی اسمبلی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے اور اپنے علاقوں کے عوام کی بہترین نمائندگی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک تھے ، ایک ہےں اور ایک رہیں گے ، اور اس ملک اور صوبے کو مل کر آگے لیکر جائیں گے ۔