News Details

25/08/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تمام شعبوں میں خدمات کی فراہمی کے نظام کو پہلے سے زیادہ موثر اور دیرپاءبنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تمام شعبوں میں خدمات کی فراہمی کے نظام کو پہلے سے زیادہ موثر اور دیرپاءبنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ہمارا حکمرانی کا نظام صوبے میں نئے شامل ہونے والے قبائلی اضلاع کے تناظر میں بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے،اب پورے صوبے میں حکمرانی اور خدمات کی فراہمی کا یکساں نظام ہوگا ،پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق مقامی سطح پر عوامی مسائل کا بروقت ازالہ اور تیز تر ترقی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔وزیراعلیٰ نے اراکین صوبائی اسمبلی سے صوبے میں طرز حکمرانی اور صوبائی حکومت کی ترجیحات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی سابقہ صوبائی حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکمرانی کا قابل عمل نظام متعارف کرایا ، اداروں کو با اختیار بنایا اور اختیارات کا ارتکاز ختم کر کے عوامی خدمت کا شفاف طریقہ کار وضع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میںنظام میں اصلاحات کے کامیاب تجربے کے بعد صوبائی حکومت نے اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنے بلکہ اسے مزید بہتر اور زیادہ نتیجہ خیز بنانے کی منصوبہ بندی کی۔مختلف شعبوں میں طویل مشاورتی عمل کے ذریعے اصلاحات تجویز کی گئی ہیں۔جن پر عمل در آمد جاری ہے۔ہم بتدریج بہتر سے بہترین کی طرف گامزن ہیں۔محمود خان نے کہا کہ عوامی ضروریات اور توقعات کو مدنظر رکھ کرترقیاتی منصوبہ بندی کرنا پی ٹی آئی کی حکومت کا خاصہ ہے۔پی ٹی آئی شروع دن سے انسانیت کی فلاح و ترقی کیلئے سرمایہ کاری پر یقین رکھتی ہے۔وزیراعلیٰ نے حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پورے صوبے کی یکساں ترقی چاہتے ہے تاہم صوبے میں شامل نئے اضلاع اور پسماندہ علاقوں کو اٹھانا حکومت کی ترجیح رہیگی۔ انہوں نے کہا کہ سماجی خدمات کے شعبوں میں جدت متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے خصوصی طور پر صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خطیر وسائل خرچ کئے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں سٹاف کی کمی اس صوبے کا ایک دیرینہ مسئلہ تھا جس پر بد قستمی سے ماضی میں توجہ نہیں دی گئی۔ پی ٹی آئی کی گذشتہ اور موجودہ حکومت نے اس مسئلے کے حل کیلئے ایک طرف اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کی اور دوسری طرف شفاف بھرتیوں کے ذریعے ہزاروں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو سسٹم میں شامل کیا۔ صوبے کے دور افتادہ علاقوں کے ہسپتالوں اور سکولوں میں بھی سٹاف کی تعیناتی یقینی بنائی۔محمود خان نے یقین دلایا کہ اداروں میں سٹاف کے حوالے سے جو تھوڑی بہت کمی رہتی ہے وہ بھی جلد پوری ہوجائے گی۔