News Details
22/08/2019
وزیراعلیٰ محمود خان کی صحافتی برادری کی سہولت کیلئے پشاور اور سوات میں میڈیا کالونیز کے قیام کیلئے فزیبلٹی کی ہدایت
وزیراعلیٰ محمود خان کی صحافتی برادری کی سہولت کیلئے پشاور اور سوات میں میڈیا کالونیز کے قیام کیلئے فزیبلٹی کی ہدایت
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو صحیح معنوں میں متحرک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ محکمہ نئے دور کے اُبھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کر سکے ۔ اُ نہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات صوبائی حکومت کا اہم ترین اور ذمہ دار محکمہ ہے جو نہ صرف عوامی آگاہی کیلئے حکومت کے عوام دوست اقدامات اور پالیسیوں کی تشہیر ممکن بناتا ہے بلکہ حکومت اور شہریوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا کردار بھی ادا کرتا ہے ۔ محکمہ اطلاعات کا ہر ملازم پیشہ وارانہ جذبے اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی یقینی بنائے ، حکومت محکمے کے مسائل حل کرے گی ۔ اُنہوںنے صحافتی برادری کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کوہاٹ روڈ پشاور اور بابو زئی سوات میں میڈیا کالونیز کے قیام کیلئے فزیبلٹی منعقد کرنے، ڈائریکٹریٹ جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ کے سٹاف کیلئے مناسب دفتر کے انتظام اور صحافتی تنظیموں کے مطالبات پر خیبرپختونخوا نیوزپیپرز ، نیوز ایجنسیز اینڈ بک رجسٹریشن ایکٹ 2013 میں ضروری ترامیم کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا اور صحافتی برادری کو درپیش مسائل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی،پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، سیکرٹری اطلاعات امتیاز ایوب، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداد اﷲ، پریس سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ صاحبزادہ حسن علی نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے کردار کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے مفاد عامہ میں اُٹھائے گئے اقدامات اور عوام دوست پالیسیوں کی مناسب تشہیر محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری ہے تاکہ عوام کو اس سلسلے میں آگاہی مل سکے اور وہ حکومتی اقدامات سے صحیح معنوں میں مستفید ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت کے تمام تر اقدامات اور اصلاحات کا مرکز و محور عوام ہیں اسلئے عوام کی حکومتی اقدامات سے بروقت آگاہی ناگزیر ہے ۔یہ بھاری ذمہ داری اُسی صورت پوری ہو سکتی ہے جب محکمے کا ہر ملازم پیشہ وارانہ ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ محکمہ اطلاعات اور صحافتی برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اُن مسائل کے حل کیلئے مناسب اقدامات یقینی بنائیں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ وہ محکمہ اطلاعات کو صحیح معنوں میں متحرک دیکھنا چاہتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے سی پی این ای اور اے پی این ایس کے مطالبے پرخیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کے عائد کردہ پانچ فیصد سیلز ٹیکس سے اخبارات کو مستشنی قرار دینے کیلئے متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم کی بھی ہدایت کی ہے ۔