News Details

16/08/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع اورکزئی میں ہیڈکوارٹرایسی جگہ قائم کرنے کی ضرورت سے اصولی اتفاق کیا ہے جس تک پورے ضلع کے عوام کی رسائی ممکن ہو

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع اورکزئی میں ہیڈکوارٹرایسی جگہ قائم کرنے کی ضرورت سے اصولی اتفاق کیا ہے جس تک پورے ضلع کے عوام کی رسائی ممکن ہو اور عندیہ دیا ہے کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔انہوں نے ضلع اورکزئی میںسالانہ ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے اور وہاں کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات باہم پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت تمام قبائلی اضلاع میں انفراسٹرکچر کی بحالی اور وہاں پر زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کیلئے پرعزم ہے انہوں نے کہا ہے کہ ضلع اورکزئی میں سڑکوں کی تعمیر اوربحالی و مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلع کوہاٹ اور ضلع اورکزئی کے مختلف قبیلوں کے درمیان زمین کے تنازعے کو جرگہ کے ذریعے مل بیٹھ کر حل کیا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعمیراتی منصوبوں سے نقائص اور کرپشن ختم کرنے کیلئے ای ٹنڈرنگ، ای بڈنگ اور ای بلنگ متعارف کی ہے جس سے تعمیراتی منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کئے جائیں گے۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ضلع اورکزئی سے آئے ہوئے عمائدین کے ایک جرگے سے گفتگو کر رہے تھے ۔جرگے کے اراکین میں ضلع اورکزئی کے سنیٹر اورنگزیب خان، قبائلی ضلع اورکزئی سے نو منتخب ایم پی اے غزن جمال اور دوسرے عمائدین شامل تھے ۔ عمائدین نے وزیراعلیٰ کو ضلع اورکزئی میں عوام کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انہیں قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا ادراک ہے۔ ابھی تھوڑے مشکلات اور مسائل ضرور ہےں لیکن بہت جلدان تمام ضم شدہ اضلاع کے عوام کی مشکلات ، مسائل اور محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ اب سابقہ فاٹا صوبہ خیبرپختونخوا میں باقاعدہ طور پرضم ہوچکا ہے اور وہ دن دور نہیں کہ ہر قبائلی ضلع صوبے کے دیگر اضلاع کے برابر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی پہاڑی علاقہ جات سے تعلق رکھتے ہےںاور قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل سے باخبر بھی ہے۔ قبائلی اضلاع کے انضمام کا مقصد یہی تھا کہ صوبائی حکومت ان اضلاع کے عوام کے مسائل خوش اسلوبی سے حل کرسکے۔ وزیراعلیٰ کاکہنا تھا کہ صوبے میں نئے ضم شدہ اضلاع میں صوبائی جنرل الیکشن کا انعقاد صوبائی حکومت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ اب ان اضلاع کے اپنے منتخب نمائندے صوبائی اسمبلی کا حصہ ہونگے جس سے قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور دیگر مسائل مزید آسانی کے ساتھ حل کئے جا سکیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔