News Details
14/08/2019
یوم آزادی پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا پیغام
وزیر ۱علیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ 14 اگست کا دن ہمیں تحریک پاکستان کے اُن لوگوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے حصول پاکستان کیلئے اپنی جان اور مال و اسباب کی پرواہ کئے بغیر قیام پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم آزادی پاکستان کے پر مسرت موقع پر کیا۔بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ دراندازی انتہائی مذموم حرکت ہے جو کشمیری عوام کے بنیادی حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو کھلا چیلنج ہے۔ اسلئے آج کے دن ہم کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ہم کل بھی آپ کے ساتھ تھے اورآج بھی ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے خوشی کے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم اور باالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کو دلی مبارک باد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک شفاف اور باوقار جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے عوام نے عمران خان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ قوم کو عمران خان کی شکل میں ایک مخلص اور نڈر قیادت ملی ہے جو ملک کوبحرانوں کے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا قافلہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کی طرف رواں دواں ہے اور انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب قائد اعظم محمد علی جناح اورمفکر پاکستان علامہ اقبال کا خواب شرمندہءتعبیر ہو گا۔انہوں نے کہا صوبہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے شروع دن سے ٹھوس اصلاحات کو متعارف کرایا اور اس کی روشنی میں قانون سازی کی ہے جس کے مثبت اثرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میںیہ بات لکھی جائے گی کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک میں ایک ایسا ٹھوس اور شفاف نظام وضع کیا جس سے ادارے مستحکم ہوئے اور مراعات یافتہ اور استحصالی طبقات کے وارے نیارے ختم ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے میرٹ ، شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کےلئے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے دورس نتائج سامنے آرہے ہیں اور صوبے کے عوام نے یہ بات تسلیم کی ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے جو کام کیے ہیں ان کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن مسلح افواج اور خیبرپختونخوا کی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو نہیں بھول سکتے جنہوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقاءکی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا عزم صوبے سے کرپشن کا یکسر خاتمہ ہے۔ ہم نے صوبے کو ایک نظام دیا جس سے مثالی گڈ گورننس کے حصول ممکن ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں یوم آزادی کے دن اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم بحیثیت قوم ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر قومی مفاد کو اولین ترجیح دیں تاکہ قیام پاکستان کی حقیقی روح کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔