News Details

07/08/2019

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا شانگلہ دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا شانگلہ دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تحصیل بشام کے علاقہ شنگ میں 300 ملین روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے 132 کے وی گرڈ سٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔گرڈ سٹیشن سے چکسیر اورشنگ کے دیگر علاقوں کو بجلی دی جائے گی جس سے علاقے میں کم وولٹیج اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔ اُنہوںنے بشام ہسپتال کا بھی باضابطہ افتتاح کیا جسے کیٹگری ڈی سے کیٹگری سی تک اپ گریڈکیا گیا ہے جس پر 300 ملین روپے لاگت آئی ہے۔اُنہوںنے جنرل بس سٹینڈ بشام کا بھی افتتاح کیا جو 300 ملین روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف سے پہلے حکومتوں نے پاور ڈویژن کو محض سیاست بازی کیلئے استعمال کیا۔ سابقہ حکمران قرضے لیکر اپنی جیبیں بھرتے رہے اور ترقیاتی کاموں کے نام پر لوٹ مار میں مصروف رہے ۔ عوام نے ان کرپٹ سیاستدانوں کو پہچان لیا ہے۔یہ لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اُنہیں معلوم ہونا چاہیئے کہ عوام اُن کو مسترد کر چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم پچھلی حکومتوں کی طرح صرف اعلانات کی سیاست نہیں کرتے بلکہ عملی اقدامات کر رہے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کی قیادت میں تباہ حال معیشت کو استحکام دینے کیلئے کوشاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے ضلع شانگلہ کے دورہ کے دوران شنگ گرڈ سٹیشن ، بشام جنرل بس سٹینڈ اور بشام ہسپتال کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، دیگر رہنماﺅں اور عمائدین علاقہ نے بھی تقاریب سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت سابقہ حکمرانوں کی طرح محض اعلانات نہیں کرتی بلکہ صوبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہیں ۔ بجلی کا سارہ نظام ٹھیک کرنے جارہے ہیں۔پیسکو اور پاور ڈویژن جس رفتار سے بجلی کے نظام کو ٹھیک کرنے پرتوجہ دے رہے ہیں اس کی بنیاد پر ہم اُمید رکھتے ہیں کہ مستقبل قریب میں بجلی کے مسائل پورے ملک میں بہت جلد حل ہو جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ٹرانسمیشن لائنزاپ گریڈ کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف سے پہلی حکومتوں نے پاور ڈویژن کو سیاست کے لئے استعمال کیا۔جسکی زندہ مثال شنگ گرڈ سٹیشن ہے جو سالوں سے بند تھا اور آج تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اس کا افتتاح کیا جو کہ ان لوگوں کیلئے ایک مثال ہے۔ پچھلی حکومتوں نے لوٹ مار اور چوری کے سوا کچھ نہیں کیا۔ صرف ہوا میں دعوے کرتے رہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہم وہ اعلانات کریںگے جن پر عمل کرسکتے ہیں۔وزیراعلی نے کہا آج ملک میں مشکل حالات ضرور ہیں۔ معاشی مسائل کا سامنا ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کی استحکام کے لئے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔کیونکہ جب تک معیشت ٹھیک نہیں ہوگی ترقی ممکن نہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت سماجی خدمات کے شعبوں میں عوام کو بھر پور سہولیات دینے کیلئے کام کر رہی ہے اُنہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی توسیع پورے صوبے تک کی جاچکی ہے اور بہت جلد یہاں پر بھی صحت انصاف کارڈ کا اجراءممکن بنایا جائے گا۔شیلٹر ہوم کی توسیع سب ڈویژن اور پورے صوبے کے اضلاع تک کر رہے ہیں۔ شیلٹرز ہوم میں غریب اوربے بس لوگوں کے لئے تمام تر انتظامات کے اخراجات کا خرچہ حکومت اٹھائےگی۔اُنہوںنے انکشاف کیا کہ احساس پروگرام کے تحت صوبائی حکومت مرستہ کے نام سے صوبے کے غریب اور نادار لوگوں کے لیے پروگرام بہت جلد شروع کر رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی نے شنگ ہائی سکول برائے طالبات کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ علاوہ ازیں اُنہوںنے کہاکہ بشام بازار میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری حکومت عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت پر یقین رکھتی ہے۔