News Details
05/08/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شازیب خان شہید قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم امیر رحمان کی گرفتاری جلد سے جلد عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شازیب خان شہید قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم امیر رحمان کی گرفتاری جلد سے جلد عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔ یاد رہے کہ شاہ زیب خان کو جنرل الیکشن2018 کے دن صوابی میں شہید کیا گیا تھا۔ شازیب خان شہید پر ملزمان نے نوے کلے صوابی میں پولنگ سٹیشن کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔ وزیراعلیٰ نے رجڑ بوائز ڈگری کالج صوابی کو شاہ زیب شہید کے نام سے منسوب کرانے کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم کو سمری بھیجوانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ ٹوبیکو بورڈ میں صوبے کو نمائندگی دینے کیلئے بہت جلد وفاقی سطح پر اقدامات بھی اُٹھائے جائیں گے ۔ اُنہوںنے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں شاہ زیب خان شہید قتل کیس کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ایم این اے عثمان خان ترکئی، وزیر بلدیات شاہرام خان ترکئی، آئی جی پولیس ڈاکٹر محمد نعیم خان ، شازیب خان شہید کے والد مختیار خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس کو شاہ زیب خان شہید قتل کیس میں اب تک ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملزم واردات کے بعد لندن فرار ہو گیا تھا ۔ملزم کی گرفتاری کیلئے بہت جلد ریڈ وارنٹ کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے ہوم ورک کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملز م کی گرفتاری کیلئے پولیس لواحقین کے ساتھ ہر قسم کا تعاون یقینی بنائے گی اور اس کیس کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت لواحقین کو انصاف کی فراہمی ہر حال میں یقینی بنائے گی ۔ ہماری حکومت ہر وقت مظلوم لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور ظالموں کے خلاف ہر قسم کی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اُنہوںنے مظلوم لواحقین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا پولیس شازیب خان شہید قتل کیس کو ایک چیلنج سمجھ کر پایہ تکمیل تک پہنچائے گی جبکہ صوبائی حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔