News Details

01/08/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے جاپان کے سفیر نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے جاپان کے سفیر Mr. Kuninori Matsuda نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی ۔ جاپانی سفیر نے وزیراعلیٰ کو ضم شدہ قبائلی اضلاع میں کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔ جاپانی سفیر کے ساتھ باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عدم استحکا م اور بد امنی کے طویل عرصے کے بعد صوبے میں امن بحال ہو چکا ہے اور اب صوبائی حکومت صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے جامع صنعتی حکمت پر عمل پیرا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کے شمالی علاقہ جات میں معدنی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ صنعتکاروں کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے منصوبہ بندی بھی جاری ہے جس سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی ۔جاپانی سفیر نے امن اور استحکام کی بحالی کیلئے حکومتی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ امن اور استحکام سے سرمایہ کاروں کو ترغیب ملے گی اور وہ خود بھی صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو جاپانی سرمایہ کاروں کے سامنے رکھیں گے ۔ اس موقع پر جاپانی وفد کو صوبے میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد خان بنگش نے تخت بائی اور سوات کے علاقوں میں بدھ مت کے تاریخی مقامات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ پاکستان خصوصاًخیبرپختونخوا میں مذہبی سیاحت کی کافی استعداد موجود ہے ۔ خیبرپختونخوا اس حوالے سے بہترین اور متنوع تاریخی پس منظر رکھتا ہے ۔ جاپانی سفیر نے اس موقع پروزیراعلیٰ کو دونوں ممالک کے درمیان 70 سالہ دوستانہ تعلقات کو 2022 میں منانے اور جاپان میں منعقد ہونے والی مجوزہ گندھارا نمائش میں شرکت کیلئے دورے کی دعوت دی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جاپانی سفیر کو اعزاری شیلڈ بھی پیش کی۔ جاپانی وفد میں Mr Yasushi Nakagawa اور Mr Toshihiko Takatsuka بھی موجود تھے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش اور پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔