News Details

29/07/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور شہر میں ٹریفک کے گھمبیر مسئلے کے دیرپاءحل کیلئے 15 دن کے اندر ٹریفک مسائل پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور شہر میں ٹریفک کے گھمبیر مسئلے کے دیرپاءحل کیلئے 15 دن کے اندر ٹریفک مسائل پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ پشاور، پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ پولیس کو پشاور شہر میں ٹریفک کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے موجودہ رپورٹس پر کام کرنے اور مسائل کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلی نے پشاور شہر میں ٹریفک نظام کے حوالے سے جامع پالیسی اور مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ پالیسی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائی جائےگی۔وزیراعلیٰ نے پشاور ڈیویلپمنت اتھارٹی کو پشاور شہر میں نکاسی کے نظام میں مسائل کو جلد حل کرنے جبکہ شہر میں آلودگی کو کم کرنے کیلئے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو جی ٹی روڈ پر شجر کاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مربوط حکمت عملی کے تحت پشاور شہر میں ٹریفک کے مسئلے پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ پشاور شہر میں ٹریفک کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے تمام متعلقہ محکمے تعاون یقینی بنائیں۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پشاور شہر کیلئے ٹریفک پلان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں صوبائی وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ، سیکرٹری فنانس ، کمشنر پشاور، سی سی پی او، ڈی جی پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو پشاور شہر کی ترقی ، سروس ڈیلیوری، مجموعی ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے مربوط حکمت عملی، ٹریفک نظام میں مسائل اور اس کے دیرپاءحل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ کو ٹریفک نظام میں سیفٹی اور دیگر انتظامات پر عمل درآمد کرانے کیلئے لائحہ عمل پر بھی تجاویز پیش کی گئی۔ اجلاس کو ٹریفک نظام میں بہتری لانے کیلئے قلیل المدتی اور طویل المدتی حکمت عملی وضع کرنے اور اس حکمت عملی کو مو¿ثر بنانے کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ مجموعی حکمت عملی کے تحت پشاور شہر کے تمام چوکوں پر ٹریفک سگنلز متعارف کئے جائیں گے جو ٹریفک کی روانی میں مو¿ثر کردار ادا کرے گی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پشاور شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی اور مو¿ثر انتظامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ پشاور شہر صوبائی دارالخلافہ ہونے کے ناطے خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پشاور شہر کے ٹریفک نظام میں جدت لانا اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی ہر صورت یقینی بنائی جائیگی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ پشاور شہر میں ٹریفک مسئلے کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کے لیے درکار وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پشاور شہر پورے صوبے کے عوام کا شہر ہے اس کی ترقی و خوبصورتی پورے صوبے کی ترقی ہے۔