News Details

24/07/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے ہسپتالوں ، بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹر زمیں طبی آلات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنانے کیلئے جاری اقدامات طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے ہسپتالوں ، بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹر زمیں طبی آلات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنانے کیلئے جاری اقدامات طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ صحت کے اداروں میںموجود غیر فعال آلات کو فعال بنایا جائے، ضرورت کے مطابق نئے آلات کی خریداری تیز کی جائے تاکہ اداروں کو صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کیلئے فعال بنایا جاسکے انہوں نے ہدایت کی کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں سٹاف اور آلات ترجیحی بنیادوں پر پورے کئے جائیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مردان کے تیار شدہ گائنی اور چلڈرن بلاک کو استعمال میں لانے جبکہ خیبرتدریسی ہسپتال، ایل آر ایچ اور کڈنی سنٹر کے نئے بلاکس کو فعال بنانے کیلئے سمری جلد بھیجنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو عمارت بھی تیار ہوجائے اس میں خدمات کی فراہمی کا عمل بلا تاخیر شروع ہونا چاہئے ۔ عوام کے پیسے سے ادارے بنائے جاتے ہیں اسلئے اداروں کا عوام کی سہولت کیلئے کارآمد استعمال بھی یقینی ہونا چاہئے ۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق صحت سہولت پروگرام کے تحت صوبے کے سو فیصد خاندانوں کو صحت انصاف کارڈز کی سہولت دینے پر پیش رفت بھی جاری ہے ۔نومبر 2019 ءکے وسط تک کارڈز کی فراہمی کے عمل کا اجراءکر دیا جائے گا۔1.7 ملین خاندان پہلے سے صحت انصاف کارڈز سے استفادہ کر رہے ہیں جبکہ مزید چالیس لاکھ کارڈز تقسیم کئے جائیں گے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں چار لاکھ پچاس ہزار کارڈز پہلے سے تقسیم ہوچکے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے پابندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ تقسیم شروع کر رہے ہیں۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریت پشاور میںمحکمہ صحت کے ترجیحی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، ایس ایس یو کے سربراہ صاحبزاہ سعید ، سیکرٹری صحت اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ کو محکمہ صحت میں بنیادی نوعیت کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اپریل 2015 ءمیں صحت کے اداروں میں 66 فیصد سٹاف موجود تھا ۔ جبکہ جون 2019 ءتک75 فیصد سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی گئی۔اس وقت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں سٹاف کی کمی پورے کرنے کیلئے گریڈ 18 سے لے کر نیچے کلاس فور تک مختلف کیڈرز میں چار ہزار کے قریب آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع ہے جن میں سے اکثرآسامیوں پر بھرتی کا عمل آئندہ ماہ اگست اور ستمبر کے دوران مکمل ہوجائے گا اور بعض آسامیوں پر بھرتی کا عمل دسمبر 2019 ءمیں مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پہلے سے طے شدہ نظام الاوقات کے اندر بھرتیوں کا عمل مکمل کرنے جبکہ ضم شدہ اضلاع میں گریڈ 19 کی پوسٹ کی آسامیاں یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے بنیادی مراکز صحت ، رورل ہیلتھ سنٹرز میں سٹاف کی حاضری کی متواتر نگرانی کی ہدایت کی اور کہا کہ مینجمنت کو بہتر کرنے کیلئے جزاءاور سزا کا عمل ناگزیر ہے ۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں سٹاف ، ادویات ، ایمبولینس ، بجلی ، پانی، لیٹرین، جنریٹر اور دیگر سہولیات کی دستیابی اور عدم دستیابی کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے اور سہولیات کی کمی دور کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال سوات کی عمارت 95 فیصد مکمل ہے، ہسپتال کیلئے آلات کی خریداری ااور سٹاف کی بھرتی کا عمل بھی شروع ہے۔ محمود خان نے شعبہ صحت میں جاری ترقیاتی وفلاحی اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ صحت سمیت تمام صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ترقیاتی کاموں کا ماہانہ جائزہ لیا کریں اور اس کی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔