News Details

22/07/2019

قبائلی عوام نے انضمام کے خلاف تمام تر پروپیگنڈوں کو مسترد کر دیا ہے، وزیراعلیٰ

قبائلی عوام نے انضمام کے خلاف تمام تر پروپیگنڈوں کو مسترد کر دیا ہے، وزیراعلیٰ اگلا مرحلہ نئے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا ہے، محمود خان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے انتخابات کا پر امن اور کامیاب انعقاد انضمام مخالفین کے منہ پر طمانچہ ہے، قبائلی عوام نے انضمام کے خلاف تمام تر پروپیگنڈوں کو مسترد کر دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ قبائلی عوام پر امن اور جمہوریت پسند لوگ ہیں اور صوبے میں ضم ہوکر خوش ہیں۔ صوبائی حکومت نے انضمام کے حوالے سے اپنا ہدف تقریباً مکمل کر لیا ہے، اگلا مرحلہ نئے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا ہے جن کا کامیاب انعقاد بھی یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے ضم شدہ اضلاع سے نو منتخب ایم پی ایز کو مبارکباد دی اور کہا کہ 20 جولائی کو ایک تاریخ رقم ہوچکی ہے، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن ، پاک فوج ، دیگر سیکورٹی فورسز اور قبائلی عوام سمیت تمام سٹیک ہولڈرز انتہائی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں خواتین نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے جو خوش آئند ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت قبائلی عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے گی اور قبائلی علاقہ جات کو صوبے کے دیگر اضلاع کے برابر لانے کیلئے بھرپور کوشش کرے گی۔ محمود خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور حسب روایت سیاسی جماعتوں میں سب سے زیادہ سیٹیں لے کر لیڈنگ پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کو پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے تاکہ وہ اچھے طریقے سے کردار ادا کریں اور عوام کی توقعات پر پورا اتر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع کو صوبائی کابینہ میں نمائندگی ملے گی۔قانونی طور پر کابینہ میں دو مزید اراکین کی گنجائش موجود ہے۔ میڈیا پر قدغن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکے علم میں کوئی ایسی رپورٹ نہیں ہے اور نہ ہی وہ میڈیا پر قدغن لگانے کے حق میں ہے۔ یہ محض پروپیگنڈا ہے۔انہوں نے مذکورہ انتخابات کو مثبت کوریج دینے پر میڈیا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیاہے۔ ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے واقعہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ نہایت افسوس ناک واقعہ تھا جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، ہم غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہیں ، حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔