News Details
21/07/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے ، اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ قبائلی عوام کی توقعات کےمطابق صوبائی اسمبلی میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کامیاب اور پرامن انتخابات نے جہاں قبائلی عوام کے مستقبل کا تعین کردیاہے وہیں قبائلی عوام کی انتخابات میں بھر پور شرکت سے پوری دنیا کو قبائلی عوام کی جمہوریت پسندانہ اقدار کا پیغام بھی ملا ہے۔ قبائلی عوام نے جس انداز میں جمہوری عمل میں شرکت کی ہے اورپر امن طریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے وہ ان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔یہاں سے جاری تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائل نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ترقی دوست اور امن پسند لوگ ہےں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب انتخابات بلاشبہ امن مخالف قوتوں کی شکست اور پر امن عوام کی واضح کامیابی ہے۔ قبائلی عوام نے اس جمہوری عمل کا حصہ بن کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ وہ ماضی میں بھی امن کے لئے کی گئی ہر کاوش کے معاون رہے ہیں اور آئندہ بھی امن دوست سرگرمیوں کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار اداکریں گے۔ محمود خان نے کہاکہ نئے اضلاع میں انتخابات کا انعقاد پوری قوم کی خواہش اور تمنا تھی جس کی کامیاب تکمیل پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو سلام پیش کرتے ہےں کیونکہ انہوں نے سابقہ فاٹا کے صوبے میں انضمام اور ان علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں لانے کے لئے اعلیٰ درجے کی سیاسی بالغ نظری اور قاعدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ قبائلی عوام سے خصوصی لگاو¿ رکھتے ہےں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ قبائلی عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس مجموعی عمل میں پاک فوج کاکردار بھی لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج سابقہ فاٹا کے ضم شدہ اضلاع کوقومی دھارے میں لانے کے حوالے سے اہم ترین مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جس سے نئے اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کا سفر بھی تیز تر ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب عوامی نمائندے قبائلی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے میں اپنابھرپور کردار ادا کرےں گے۔