News Details

19/07/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ تعلیم کو صوبے میں سکولوں سے باہر بچوں کو زیادہ سے زیادہ سکول میں داخل کرانے کے لئے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ تعلیم کو صوبے میں سکولوں سے باہر بچوں کو زیادہ سے زیادہ سکول میں داخل کرانے کے لئے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ ابتدائی و ثانوی تعلیمی نظام میں مثبت اصلاحات لائی جائیں گی۔ انہوں نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے پرائیویٹ سیکٹرکے تعاون کی تائید کی ہے ۔ انہوں نے موجودہ قانون کے مطابق شفاف طریقے سے اقراءفروغ تعلیم ووچر سکیم کے بورڈ میں نئے ممبر کی تعیناتی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مختلف بورڈز میں پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کیلئے طلباءکو انعامات دینے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اقراءفروغ تعلیم ووچر سکیم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ مشیر تعلیم ضیاءاللہ بنگش،وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی ، وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر، سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم،منیجنگ ڈائیریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاو¿نڈیشن اور دیگرمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ میٹرک امتحانات میں سرکاری سکولوں کے نتائج میں کافی بہتری آئی ہے جبکہ محکمہ سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں کے اندر لانے پر خصوصی کام کر رہاہے۔ وزیراعلیٰ نے سکولوں میں اساتذہ کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہےں۔ وزیراعلیٰ نے اقرا فروغ تعلیم ووچر سکیم کے تحت پرائیویٹ سیکٹر سے بھر پور استفادہ لینے کی ہدایت کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے اقرا فروغ تعلیم ووچر سکیم کے بورڈ کو مزید بہتر بنانے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہناتھاکہ صوبائی حکومت تمام سرکاری محکموں پر کام کر رہی ہے جبکہ بہت جلد تمام محکموں کو شیڈول جاری کیا جائیگا جس کے ذریعے ہر محکمہ ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم میں پوسٹنگ ٹرانسفر پالیسی کی تائید کی ہے اور واضح کیا ہے کہ کارکردگی اور میرٹ کو مدنظر رکھ کر ٹرانسفر پوسٹنگ کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اصلاحات لارہے ہیں جس سے محکمہ کی کارکردگی مزید بہتر ہو جائیگی ۔ انہوں نے سکولوں میں زیادہ سے زیادہ بچے داخل کرنے اور ان کو معیاری تعلیم دلانے کیلئے سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمرہے۔ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے میں جدت اور بہتری لانے کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ صوبے میں تعلیم کو فروغ مل سکے۔