News Details
18/07/2019
ضم شدہ اضلاع میں انتخابات کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاورمیں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم
ضم شدہ اضلاع میں انتخابات کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاورمیں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر ضم شدہ اضلاع میں ہونے والے انتخابات 2019 ءکے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔کنٹرول روم 19 جولائی شام پانچ بجے سے لے کر 21 جولائی شام پانچ بجے تک چوبیس گھنٹے بلا تعطل فرائض انجام دے گا۔کنٹرول روم میں دن اور رات کی شفٹوں کیلئے علیحدہ علیحدہ سٹاف تعینات کیا گیا ہے جس کا باضابطہ اعلامیہ جاری ہو چکا ہے۔وزیراعلیٰ نے کنٹرول روم کو انتخابات کے دوران خدمات اور سہولیات کی فراہمی کے ذمہ دار تمام محکموں کے ساتھ مستقل رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں پر امن انتخابات کا انعقاد حتمی ہدف ہونا چاہئے جس کیلئے صوبائی حکومت بھر پور تعاون کرے گی ۔ اس مقصد کیلئے تمام متعلقہ اداروں اور محکموںکو اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ محمود خان نے کنٹرول روم کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جا سکیں۔