News Details

11/07/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور کے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور اور دو صوبائی وزراءشامل ہوں گے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور کے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور اور دو صوبائی وزراءشامل ہوں گے، کمیٹی مختلف محکموں کیطرف سے ٹیکسوں کی وصولی کیلئے لائحہ عمل اورتاجر برادری کو درپیش دیگر مسائل کے حل کیلئے سفارشات وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو نانبائی ایسوسی ایشن کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل کا قابل عمل حل نکالنے کی ہدایت کی ہے تاکہ پشاور کے عوام کو نانبائی ایسو سی ایشن کی ہڑتال سے درپیش تکلیف کو فوری ختم کیا جا سکے ۔ انہوں نے متحدہ موبائل ایسوسی ایشن کو موبائل بندش مسئلے کے حوالے سے پی ٹی اے سے جلدرابطہ کرنے کی یقین دہا نی کرائی ہے اور کہا ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے وفاقی سطح پر بھی بات کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمود خان سے وزیراعلیٰ ہاو¿س پشاور میں پشاور کی تاجر برادری کے نمائندہ جرگے جن میں تاجر انصاف ایسوسی ایشن پشاور ، پشاور پراپرٹی ایسو سی ایشن ، متحدہ موبائل ایسو سی ایشن پشاوراور پشاور نانبائی ایسو سی ایشن کے وفود اور ان کے صدور شامل تھے ،نے ملاقات کی ہے ۔ پشاور کی تاجربرادری نے مشترکہ طور پر وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا ہے تاجر برادری نے وزیراعلیٰ سے استدعا کی ہے کہ مختلف سرکاری اداروں کیطرف سے عائد مختلف ٹیکسزکے لئے شفاف اور آسان طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ ان کو ٹیکس دینے میں آسانی ہو اور یہ یقین ہو کہ ان کے پیسے حکومتی خزانہ میں جمع ہوتے ہیں تاجر برادری نے مزیدبتایا کہ وہ حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہےں جبکہ صوبائی حکومت سے ان کے جائز حل طلب مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ تاجر برادری کی پریشانی جلد دور ہو سکے اور ان کو حکومتی سطح پر ریلیف بھی مل سکے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق اسی صوبے سے ہے اور آپ لوگوں کے ووٹ کے ذریعے ہی تحریک انصاف کی حکومت اس صوبے اور پورے ملک میں وجود میں آئی ہے ، ہم عوامی لو گ ہےں اور عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل سنیں گے اور انہیں حل کرنے کی بھی پوری کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کو پتہ ہے کہ ملک اور صوبے میں تھوڑے سخت حالات ہے لیکن وفاقی اور صوبائی حکومت ان سخت حالات پر بہت جلد قابو پالے گی اور پورے ملک کو ترقی اور خوشحالی کیطرف گامزن کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پہلی حکومتوں نے بے دریغ قرضے لیکر ملک کو دلدل میں دھکیل دیا ہے جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ، ہمیں قرضوں پر سود کی صورت میں روزانہ 6ارب روپے ادا کرنا پڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے پورے ملک میں معاشی مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے قربانی دینے کا تہیہ کر رکھا ہے اور ملک کو اس دلدل سے نکالنے کیلئے اپنی پوری توانائی صرف کر رہے ہیں جبکہ من حیث القوم ہماری بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ ملک کو ان پیچیدہ حالات سے نکالنے کےلئے تھوڑی بہت قربانی دیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشکل حالات تھوڑے وقت کے لئے ہےں جبکہ تحریک انصاف کی مخلصانہ کاوشوں اور عوام کی مدد سے ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور بہت جلد شروع ہوگا ۔ انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا ہے کہ ان کے ٹیکس کے پیسے حکومت وقت کے پاس امانت ہےں اور یہ عوامی پیسے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں سیکیورٹی اداروں اور عوام کی قربانیوں سے اب امن قائم ہو چکا ہے لیکن اب بھی کچھ ملک دشمن عناصر صوبے میں امن کیخلاف ہےںاور منفی پروپیگنڈو سے عوام میں مایوسی پھیلا رہے ہیں لیکن اداروں کی بہترین حکمت عملی اور عوام کے تعاون سے ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا ہے کہ جتنا ریلیف ممکن ہو ا، صوبائی حکومت تاجر برادری کو فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبہ پشاور شہر کا منصوبہ ہے جبکہ پشاور شہر ہم سب کا مشترکہ شہر ہے اس کی خوبصورتی اور ترقی پورے صوبے کی خوبصورتی و ترقی ہے ۔ بی آرٹی منصوبے سے عارضی طور پر کچھ مشکلات کا سامنا رہا ہے لیکن اب یہ منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور عام آدمی کیساتھ ساتھ تاجر برادری بھی اس منصوبے کی آفادیت سے یکساں طور پر مستفید ہوگی ، انہوں نے تاجری برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی سطح پر ان کے جتنے جائز مطالبات اور مسائل ہےں ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا جبکہ وفاقی سطح پر مسائل کے حل کے لئے بھی بھر پور کوشش کی جائیگی ۔