News Details

28/06/2019

صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان کی زیر صدارت جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔

صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان کی زیر صدارت جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کابینہ ممبر ان کے علاوہ چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورمتعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔اجلاس میں پانچ نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور و خوض کے بعدمتعدد اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ مہنگائی کی مصنوعی لہر کو کنٹرول کرنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھائیں خصوصاً ڈپٹی کمشنر ز اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں روزانہ کی بنیادوں پر پرائس چیکنگ کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں مشترکہ مالی ذمہ داریوں کے حوالے سے وفاق اور صوبے کے درمیان مفاہمت کی مجوزہ یاداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی ۔واضح رہے کہ مفاہمت کی یاداشت دیگر صوبوں کو بھی بجھوائی گئی ہیںجس کا بنیادی مقصد ملک میں معاشی استحکام کے سلسلے میں آمدن کو بڑھانے کیلئے اقدامات کو مربوط کرنا،سماجی شعبوں میں اخراجات بہتر بنانا اور کاروبار میں معاملات کو سہل بنانا ہے ۔ملک میں کاروبار سے متعلق معاملات کو سہل بنانے کیلئے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جائےگا اور خصوصاً چاروں صوبے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے فوری اقدامات شروع کریں گی اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی مشاورت سے صوبائی ٹیکسوں کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کیا جائیگا۔مفاہمت کی یاداشت کی رو سے مالی فسکل کوآرڈینیشن کمیٹی ہرسہ ماہی کے آخرمیں متعین کردہ اہداف کے حصول کے سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لے گی۔صوبائی کابینہ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ءکی روشنی میں ضم شدہ اضلاع کے 25 سب ڈویژنز میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے قیام کی بھی منظوری دیدی۔ان تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن میں اپر کرم، لوئر کرم، میران شاہ، خار،وانا، جمرود، درہ آدم خیل،لنڈی کوتل، اپر مہمند، لوئر مہمند،باڑہ،خوازئی بازئی،نواگئی، کلایا،غلجو،ڈوگر، سرورکئی،میر علی،رزمک، جنڈولہ، بیٹھانی،درہ زندہ، وزیر،حسن خیل، لدہ شامل ہیں۔کابینہ نے زمونگ کور کے انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کمیٹی کیلئے غیر سرکاری ممبروں کیلئے چار ناموں کی منظوری دیدی جن میں حفیظ الرحمان، شگفتہ گل، مفتی غلام الرحمان اور احسان اللہ خان شامل ہیں۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کے چیئر پرسن کیلئے ڈاکٹررفعت سردار کے نام کی منظوری دیدی جوباقی ماندہ 7مہینے کی مدت کیلئے کمیشن کی چیئرپرسن ہوگی۔واضح رہے کہ کمیشن کی سابقہ چیئرپرسن کے استعفیٰ دینے کی وجہ سے یہ عہدہ خالی ہو گیا تھا۔کابینہ نے خیبر پختونخوا کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کےلئے بطور آفیشل ممبر خاتون ممبر صوبائی اسمبلی حمیرہ خاتون کے نام کی بھی منظوری دیدی۔اجلاس میں khyber pakhtunkhwa women distress and detention fundکے بورڈز آف گورنز کے لئے بطور ممبررکن صوبائی اسمبلی ملیحہ علی اصغر خان کے نام کی بھی منظوری دی گئی ۔