News Details
27/06/2019
پاکستان سٹاک ایکسچینج(PSX) خیبرپختونخوا میں جلد اپنا نمائندہ دفتر (برانچ) قائم کریگا، جو خیبرپختونخوا میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائزز کی فہرست سازی اور سرمایہ کاری کیلئے کانفرنسز کے انعقاد میں سہولت فراہم کریگا
پاکستان سٹاک ایکسچینج(PSX) خیبرپختونخوا میں جلد اپنا نمائندہ دفتر (برانچ) قائم کریگا، جو خیبرپختونخوا میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائزز کی فہرست سازی اور سرمایہ کاری کیلئے کانفرنسز کے انعقاد میں سہولت فراہم کریگاجن میں صوبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں پرتوجہ مرکوز کی جائیگی۔ اس امر کا انکشاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان ایس مہدی کے مابین ملاقات کے دوران کیا گیا ۔ سلیمان ایس مہدی کی سربراہی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے نمائندہ وفد نے پختونخوا ہاو¿س اسلام آباد میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع اور امکانات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی گونگ تقریب میں شرکت کیلئے بھی رضامندی ظاہر کی ۔ خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ کے فروری میں دورہ کراچی کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج نے گونگ تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی ۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کیپیٹل مارکیٹ کے ذریعے کاروبار کےلئے وسائل میں اضافہ سے متعلق متعدد امور زیر بحث آئے ، خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی استعداد کو سامنے رکھتے ہوئے صوبے میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے نمائندہ دفتر کے قیام کے امکانات کے لئے تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے وفد نے مذکورہ دفتر کے قیام کے لئے آمادگی ظاہر کی۔اس موقع پر وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی استعداد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہےں جن کیلئے ایک واضح سمت کی ضرورت ہے ۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے صوبے میں سرماریہ کاری کے فروغ اور کاروبار کی ترقی کے لئے معاونت میں دلچسپی ظاہر کی ۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ انکی حکومت صوبے میں تمام سرمایہ کاروں کو بھر پور تعاون فراہم کرے گی اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔ چیئرمین پاکستان سٹاک ایکسچینج نے بتایا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی سطح پر سمال میڈیم انٹر پرائز بورڈ قائم کر دیا گیا ہے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی فہرست سازی کیلئے آسان شرائط پیش کرتا ہے ۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں اچھی استعداد رکھنے والی کمپنیوں کی نشاندہی میں تعاون کی درخواست کی ، اس موقع پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کیساتھ ایک معاہدہ بھی طے پایا جس کے تحت آنے والے ایام میں پاکستان سٹاک ایکسچینج خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کانفرنسز کے انعقاد میں سہولت فراہم کریگا ۔