News Details

21/06/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تاج زئی ضلع لکی مروت (بنوں) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہید کیپٹن عارف اللہ کے والد شاہ دراز خان سے تعزیت کا اظہار کیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تاج زئی ضلع لکی مروت (بنوں) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہید کیپٹن عارف اللہ کے والد شاہ دراز خان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان ، وزیرصحت ہشام انعام اللّٰہ خان، کور کمانڈر لفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اور اراکین صوبائی اسمبلی شاہ محمدخان، پختون یاربھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ نے دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ شہیدکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید عارف اللہ نے مادر وطن کی حفاظت اور دفاع پر اپنی جان نچھاور کی ہے، امن کے باب میں شہید کی قربانی سنہری حروف سے لکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عارف اللہ شہید ایک نڈر اور بہادر فوجی افسر تھے جنہوں نے اپنی ڈیوٹی کے دوران مختلف محاذوں پر دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کو شکست سے دوچار کیا ۔محمود خان نے کہا کہ پاک فوج ، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کی بدولت دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، آئندہ بھی ملک میں امن و امان کیلئے ہماری سیکورٹی فورسز کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریںگی۔یاد رہے کہ شہید کیپٹن عارف اللہ 7 جون 2019 کو خڑ کمر جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔