News Details

21/06/2019

پولیو کا خاتمہ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پولیو کا خاتمہ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، تمام متعلقہ سرکاری محکمے خطے میں پولیو کے خاتمے کیلئے پولیو پروگرام سے بھر پور تعاون یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاو رمیں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر گھر اور ہر بچے تک پولیو ٹیموں کی رسائی یقینی بنانے کیلئے بھرپور کاوشوں کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو کے خلاف پروپیگنڈوں پر توجہ نہ دیں اور ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔ اُنہوںنے عمائدین ، ملک، اثر و رسوخ رکھنے والوں اور کمیونٹی لیڈرز سے بھی کہاکہ وہ والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کو آمادہ کرنے اور اُن کی حوصلہ افزائی میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ سال 2019 کے دوران ملک 24 پولیو کیسز سامنے ائے جن میں سے خیبرپختونخوا سے 18 کنفرم پولیو کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں۔ ان میں آٹھ پولیو کیسز ضلع بنوں ، ایک ضلع ہنگو، ایک ڈی آئی خان ، ایک شانگلہ ، ایک باجوڑ، ایک ضلع خیبر اور پانچ کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اوزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پولیو کا عدم خاتمہ مختلف نوعیت کی رکاوٹوں کا باعث بن سکتاہے جس میں بین الاقوامی سفر پر پابندی کا سامنا ، قومی وقار کو نقصان پہنچانا اور بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کی واپسی وغیر ہ شامل ہیں۔ اُنہوںنے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے اور تمام متعلقہ سرکاری محکمے بھر پور تعاون یقینی بنائیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ والدین کے شکوک و شبہات اور تحفظات دور کرنے کیلئے مقامی ماحول اور کلچر سے ہم آہنگ کاوشیں کی جانی چاہئیںتاکہ انسداد پولیو کی ہر مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔ قبل ازیں ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈنیٹر کیپٹن (ریٹائرڈ) کامران احمد آفریدی نے ضلع بنوں ، ڈی آئی خان، ٹانک ، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان ، شانگلہ ، بونیر اور تور غر میں جاری کیس ریسپانس مہم پر اجلاس کو بریفینگ دی ۔انہوںنے وزیراعلیٰ کو پولیو پروگرام کے حقائق ، اعداد و شمار ، چیلنجز ، لائحہ عمل اور درکارتعاون سے بھی آگاہ کیا۔ چیف سیکرٹری سلیم خان ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔