News Details
11/06/2019
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت صوبے میں گھروں کی تین مختلف تعمیراتی سکیموں کی منظوری دی ہے اور سکیموں پر تیز تر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت صوبے میں گھروں کی تین مختلف تعمیراتی سکیموں کی منظوری دی ہے اور سکیموں پر تیز تر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے ۔ نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پشاور میں 8500کنال وسیع قطعہ اراضی پر بیس ہزار گھروں کی تعمیر کے مجوزہ پلان سے اتفاق کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ آئندہ بیس دن کے اندر منصوبے کی ابتدائی فیزیبیلیٹی مکمل کی جائے اور پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کیساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں تاکہ سکیم کا بروقت اجراءیقینی ہو سکے ۔ انہوں نے سوات اور ہنگو ہاوسنگ سکیموں کی حتمی پروپوزل بھی آئندہ دس دنوں کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت ہنگو میں نو ہزار جبکہ سوات میں تین ہزار گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیاکہ نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کی غریب عوام سے ہمدردی اور ویژن کا عکاس ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ سکیموں پر عملدرآمد میں تیز رفتار پیش رفت یقینی بنائی جائے کیونکہ موجودہ حکومت غریب اور ضرورت مند عوام کو سہولیات دینا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میںمنعقدہ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی ، صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیر ات اکبر ایوب ، صوبائی وزیر ڈاکٹر امجدعلی وزیراعلیٰ کے مشیر ضیاءاللہ بنگش ، پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی اسلام آباد سے نسیم قریشی ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر، سیکرٹری ہاوسنگ اور دیگرمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت پشاور میں دستیاب اراضی پر مکانات کی تعمیر کے حوالے سے تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پشاور میں تقریباً ستر ارب روپے کی لاگت سے ہاوسنگ سکیم کے تحت دیگر سہولیات کے علاوہ بیس ہزار مکانات تعمیر کئے جاسکتے ہیں، پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کے تعاون سے اس سکیم پر عملدرآمد کیا جائیگا ، سکیم کے لئے باضابطہ ممبر شپ مہم چلائی جائیگی اور پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کےساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر کے سکیم کا اجراءکیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ پلا ن سے اصولی اتفاق کیا اور ہدایت کی کہ بیس دنوں کے اندر ابتدائی فزیبیلیٹی مکمل کی جائے اور وقت ضائع کئے بغیر تیز رفتاری سے آگے بڑھےں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مذکورہ سکیم کے لئے درکار پانچ سو ملین روپے سیڈ منی اور سائٹ تک رسائی کے لئے سڑک کی تعمیر اور باونڈری وال کیلئے وسائل کا انتظام صوبائی حکومت کرے گی۔محمود خان نے سوات ماڈل ٹاون اور ہنگو ہاوسنگ سکیم کے لئے حتمی اور مکمل پروپوزل دس دنوں کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکیموں کے اجراءکے طریقہ کار سمیت تمام معاملات واضح ہونے چاہئیں۔