News Details
28/05/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2019-20 کی توجہ سہولیات اور خدمات کی فراہمی پر مرکوز ہوگی تاکہ سیایسی مفادات سے ہٹ کر حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی جا سکے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2019-20 کی توجہ سہولیات اور خدمات کی فراہمی پر مرکوز ہوگی تاکہ سیایسی مفادات سے ہٹ کر حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی جا سکے۔ انھوں نے واضح کیا کہ پیداواری شعبوں کی بہتری کے ذریعے صوبے کی مالی بنیاد کو مضبوط کر کے پسماندہ شعبوں کو اُٹھا یا جائے گا۔ انھوں نے واضح کیا کہ اصلاحاتی و ترقیاتی مجموعی سرگرمیوں کا حتمی مقصد عوام کو معیاری اور موثر خدمات کی فراہمی اور اُن کی مشکلات کا ازالہ کرنا ہے ناکہ سیاسی دکھاوے کے کہ لیے انفراسٹرکچر کی غیر ضروری توسیع کر کے خدمات کی فراہمی کو نظر انداز کر دیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے خیبرپختونخو اکے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیرنے وزیراعلیٰ سے ملاقات میں خیبرپختونخوا کی ترقیاتی حکمت عملی برائے مالی سال 2019-20 اور خصوصی طور پر صوبے میں مواصلات کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی شروع دن سے موثر حکمت عملی رہی ہے کہ صوبے میں پہلے سے موجود اداروں کو فعال بنایا جائے اور دستیاب عمارتوں کو استعمال میں لایا جائے کیونکہ اداروں کے قیام اور تعمیرات کا اصل مرکز و محور عوام ہیں اور عوام کو خدمات کی فراہمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام بھی عوام کی ضروریات اور اُن کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی جائے گی اور صوبے میں جاری میگا منصوبوں کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے ۔ محمود خان نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے صوبے میں شامل ہونے کے بعد ہماری ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ ہمیں بہترین منصوبہ بندی کے تحت انتہائی سرعت کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ اُنہوںنے کہاکہ نئے اضلاع کی تیز تر ترقی اور پورے صوبے کے پسماندہ علاقوں کو اُٹھا کر دیگر علاقوں کے برابر لانا اُن کی خواہش اور ترجیح ہے ۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام می۔ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔