News Details
27/05/2019
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اگلے بجٹ کے بعدصوبے کے نظام میں مثبت تبدیلی اور منفرد ریفامز لائینگے
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اگلے بجٹ کے بعدصوبے کے نظام میں مثبت تبدیلی اور منفرد ریفامز لائینگے جس سے نہ صرف صوبے کے محاصل میں خاطر خواہ ترقی ہوگی بلکہ محکمے حقیقی معنوں میں عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنا سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ عوام نے دو تہائی اکثریت سے کامیاب کروایا ہے اور وہ کسی بھی صورت عوام کو مایوس نہیں کرینگے۔ موثر اور نتائج پر مبنی اصلاحات سے نہ صرف صوبے کی معیشت میں بہتری لائی جاسکے گی بلکہ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی خیبرپختونخوا ایک مثالی کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلی سیکٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں میں دہائیوں سے چلے آنے والے نظام میں ریفارمز کی اشد ضرورت ہے۔ صوبے میں موجود معدنیات پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ غیر موثر منصوبہ بندی اور غیر فعال حکمت عملی کی وجہ سے محکمہ معدنیات معیشت کی ترقی میں ایک غیر فعال کردار ادا کر رہی ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ اسی طرح سیاحت اور دیگر شعبوں میں نتیجہ خیز اصلاحات متعارف کروا کر ملکی معیشت میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز، محکمے اور سیاسی رہنما اپنی تقریر بدلنے کا عزم کر کے اس کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ وزیراعلی نے کہاہے کہ صوبائی حکومت اگلے بجٹ کے بعد موثر مالی منصوبہ بندی اور اصلاحات پر مکمل توجہ مرکوز کرے گی اور تمام محکمے فراہم کردہ ٹائم فریم کے اندر اصلاحات متعارف کرانے کے پابند ہونگے۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ محکمہ خزانہ اور دیگر محصولات اکٹھاکرنے والے مختلف محکموں کی طرف سے دی گئی تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ صوبے کی معاشی حالت کی بہتری اور محصولات میں بڑھوتری ممکن ہو سکے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے لیے محکمانہ سطح پر ٹھوس اصلاحات متعارف کرائے جائیں گے جس کے لیے پہلے سے ہی منصوبہ بندی مکمل کی جا چکی ہے۔ وزیر اعلی نے صوبے میں تمام محکموں کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے بھی اصلاحات پر زور دیتے ہوے واضح کیا کہ صدیوں پرانے نظام میں اصلاحات اور تبدیلیاں وقت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن پر بوجھ کم کر کے اور اصلاحات متعارف کرا کے تمام محکموں میں خالی آسامیوں پر بروقت اور میرٹ کے مطابق بھرتیاں ممکن ہو سکتی ہیں جس سے صوبے میں عوام دوست حکمرانی اور موثر انداز میں خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعلی نے صوبے میں جاری کلین اینڈ گرین مہم کے حوالے سے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں کلین اینڈ گرین مہم زور و شور سے جاری ہے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دی ہے کہ اس مہم کو کامیاب بنائیں۔اس مہم کی تکمیل سے صوبے کے ماحول کو انسان دوست بنایا جائے گا جس سے بیماریوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔وزیراعلی نے مزید کہا ہے کہ اس پرانے نظام میں ریفارمز اور ماحول کی تبدیلی سے صوبے کوایک ماڈل صوبہ بنائیں گے۔