News Details
22/05/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان کے علاقہ میران شاہ بازار کے تاجر برادری کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے ایک نمائندہ وفد سے وزیر اعلیٰ ہاو¿س پشاور میں ملاقات کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان کے علاقہ میران شاہ بازار کے تاجر برادری کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے ایک نمائندہ وفد سے وزیر اعلیٰ ہاو¿س پشاور میں ملاقات کی ہے۔جس میں وزیر اعلی کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں میران شاہ بازار میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا گیا ہے ۔اجلاس میں وزیراعلی کے مشیر برائے قبائلی اضلاع وصوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر،پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، سیکرٹری ریلیف عابدمجید جبکہ میران شاہ بازار کے اتمانزئی ایگزیکٹیوکمیٹی کے ممبران جن میں صدر جمال الدین ، حاجی نیک زلی خان ، ملک عبد الروف، ڈاکٹر عمران، چیئرمین سخی الرحمان، اسد خان، ملک حکیم اللہ خان، ملک حسن یار خان و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلی محمود خان نے محکمہ ریلیف اینڈ ریہیبلیٹیشن کو ہدایات جاری کیں کہ ہنگامی بنیادوں پر وفاقی محکمہ فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان سے نقصانات کی رپورٹ حاصل کریں جس کے بعد مذکورہ نقصانات کی تخمینہ لگا کر رپورٹ انہیں پیش کریں۔وزیراعلی نے کہا کہ اس رپورٹ کو ایک خصوصی کابینہ اجلاس کے سامنے رکھا جائے گا تاکہ وفاقی حکومت سے اس مد میں نقصانات کے ازالے کے لئے مذکورہ فنڈز کا اجراءممکن بنایا جاسکے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے لوگوں نے ملک کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہے۔دہشت گردی کی جنگ میں یہاں پر لوگوں کے جتنے بھی نقصانات ہوئے ہیں حکومت وقت ان کا ازالہ ہر حال میں ممکن بنائے گی۔شمالی وزیرستان کے لوگوں کو جلد ریلیف دیں گے۔وزیر اعلی نے نقصانات کے ازالہ کے حوالے سے طریقہ کار وضع کرنے کے لیے جلد اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کی ہے۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو میران شاہ میں تاجر برادری کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعلی نے وفد کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس حوالے سے جلد وفاق سے بھی بات کریں گے اور وفاقی حکومت سے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنی پوری کوشش بھی کریں گے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ وہ پورے قبائلی اضلاع خصوصاََ شمالی وزیرستان کے لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ وزیر اعلی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات بروقت حل کئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا مقصد قبائلی اضلاع کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے ہیں انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوچکا ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ اضلاع ترقی کے میدان میں صوبے کے دیگر اضلاع کا مقابلہ کرینگے۔