News Details
19/05/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ٹیکسلا میں فاسٹنگ بدھا کی مجوزہ نمائش میں صوبائی حکومت کی طرف سے تعاون کا یقین دلایا ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ٹیکسلا میں فاسٹنگ بدھا کی مجوزہ نمائش میں صوبائی حکومت کی طرف سے تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ اُنہوںنے سوات میں مذہبی و ثقافتی سیاحت کے فروغ کیلئے منصوبے سے بھی اُصولی اتفاق کیا ہے اور کہا ہے کہ اُن کی حکومت صوبے میں سیاحت کو تیز تر فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے ۔ مقامی و بیرونی سیاحوں کو سہولیات دی جارہی ہیں ۔ سوات میں 13 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ، جنہیں جدید سیاحتی خطوط پر ترقی دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے گندھار اآرٹ اینڈ کلچر ایسوسی ایشن اسلام آباد کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گندھارا آرٹ اینڈ کلچر ایسوسی ایشن اسلام آباد سے ڈاکٹر ایسٹر پارک ، ڈاکٹر شاہین اور دیگر نمائندوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی ، سیکرٹری سیاحت ، ڈائریکٹر آرکائیوز اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اجلاس میں گندھارا تہذیب ، فاسٹنگ بدھا سمیت صوبے میں مذہبی و ثقافتی سیاحت کی استعداد اور دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ وہ ٹیکسلا میں فاسٹنگ بدھا کی ایک خصوصی نمائش کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے صوبائی حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے ۔وزیراعلیٰ نے مجوزہ نمائش کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا ۔ علاوہ ازیں وفد نے سوات میں مذہبی و ثقافتی سیاحت کے فروغ کیلئے ایک منصوبے کی بھی پیشکش کی اور انکشاف کیا کہ اس سلسلے میں سوات پرکشش مقام ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس تجویز سے بھی اُصولی اتفاق کیا اور کہا کہ متعلقہ صوبائی حکام کے ساتھ بیٹھ کر طریقہ کار وضع کرلیں اور ایک مکمل تجویز بنائیں ۔ اُنہوںنے گندھارا آرٹ اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے اور تعاون کیلئے سیکرٹری سپورٹس و آرکیالوجی کو فوکل پرسن نامز د کیا اور کہاکہ سیاحت اور ثقافت کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے ۔