News Details

19/05/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سستا گھر پروگرام کے تحت پشاور اور ہنگو میں سکیموں کیلئے ماڈل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سستا گھر پروگرام کے تحت پشاور اور ہنگو میں سکیموں کیلئے ماڈل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ ماڈل ہر لحاظ سے قابل عمل ہونا چاہئے اور اس بات کو مدنظر رکھا جائے کہ ہم نے لوگوں کو سہولت دینی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں قابل استطاعت ہاﺅسنگ پروگرام( سستاگھر سکیم) کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتحار درانی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فخر عالم، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، ٹاسک فورس کے دیگر اراکین اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو سستا گھر سکیم کے حوالے سے پیش رفت اور صوبائی حکومت کے اس سلسلے میں کردار اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ نے اجلاس کو تجویز پیش کی کہ صوبے کے جن شہروں میں اراضی دستیاب ہے وہی سکیم کا اجراءکیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور میں سوڑیزئی کے مقام پر آٹھ ہزار کنال اراضی موجود ہے ، اس کے علاوہ ہنگو میں آٹھ ہزار کنال اور سوات میں پانچ سو کنال اراضی دستیاب ہے جہاں سستا گھر سکیموں کی تعمیر کی جاسکتی ہے۔ اجلاس میں سستا گھر سکیموں کیلئے مختلف ماڈلز کا بھی جائزہ لیا گیااور مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔وزیر اعلی نے پشاور ، ہنگو اور دیگر شہروں جہاں اراضی دستیاب ہے ، ان میں سکیموں کی اجراءکیلئے مضبوط اور قابل عمل تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے جس کیلئے بر وقت اور ٹھوس فیصلے کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہاﺅسنگ سستے گھروں کے تعمیر کے حوالے سے اپنی مکمل استعداد اور تجاویز سامنے لائے۔ انہوں نے پشاور اور ہنگو میں سستا گھر سکیموں کے اجراءکیلئے ماڈل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی انہوں کہا کہ اس مقصد کیلئے صوبے میں پہلے سے موجود خپل کور ماڈل سمیت دیگر وفاقی اور صوبائی ماڈلز کا بغور جائزہ لیا جائے اور ایک بہترین اور قابل عمل ماڈل پیش کیا جائے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس مجموعی عمل میں یہ امر ہر سطح پر ذہن نشین رہے کہ ہم نے لوگوں کو سہولت دینی ہے ۔