News Details

16/05/2019

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات سے متعلق اجلاس صوبے میں انفراسٹرکچر کی تکمیل صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات سے متعلق اجلاس صوبے میں انفراسٹرکچر کی تکمیل صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے منگلور تا مالم جبہ روڈ کی تکمیل اسی سال ستمبر تک ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے جس سے آنے والے سیزن میں سیاحوں کو مالم جبہ پہنچنے میں آسانی میسر ہو سکے گی ۔ وزیراعلیٰ نے گبین جبہ سڑک سوات کی مرمت و بحالی ممکن بنانے جبکہ رستم مردان میں بیڑوچ سڑک کی تعمیر کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انفراسٹرکچر کے لحاظ سے محکمہ مواصلات و تعمیرات صوبے کا ایک بڑا اور اہم محکمہ ہے ۔ہماری خواہش ہے کہ صوبے میں انفراسٹرکچر کی تکمیل جلد ممکن ہو سکے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے زیر انگرانی صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس میں وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب ،سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ، سپیشل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ خالق محمدو دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس کو محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ذریعے صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو صوبے کے مختلف حلقوں میں سڑکوں ،پلوںاور بلڈنگز کی تعمیر ات پر پیش رفت کے حوالے سے بھی بتایا گیا ۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات نے ان سکیموں کی تکمیل کیلئے مختص بجٹ اور اُس کیلئے انتظامی منصوبہ بندی کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئی سکیموں کو ترجیح دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے امبریلا سکیموں کے ساتھ ساتھ صوبے کے ہر حلقے کے نام سے سکیمیں دینے کی تجویز سے اُصولی اتفاق کیا ہے جس سے ہر حلقے کے روڈ نیٹ ورکس میں بہتری آئے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مواصلات و تعمیرات اہم محکمہ ہے جس کے ذریعے صوبے کے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کام مکمل کئے جاتے ہیں۔ اُن کی حکومت کی خواہش ہے کہ صوبے کا انفراسٹرکچر بہتر ہو اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر ہوں ۔ حکومت کی کوشش ہے کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جاری سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے درکار وسائل کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پرکی جائے ۔ وزیراعلیٰ کی مستقبل قریب میں صوبائی اسمبلی میں اراکین اسمبلی کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے ایم پی اے ہاسٹل پشاور میں نئے بلاک کی تعمیر کی ضرورت سے بھی اُصولی اتفاق کیا۔اُنہوںنے اجلاس میں پیش کی گئی سکیموں میں ترجیحات کا تعین کرنے اور اس سلسلے میں آئندہ اجلاس میں حتمی فیصلے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ زیادہ اہم اور فوری نوعیت کی حامل سکیموں کو پہلی فرصت میں مکمل کیا جائے ۔ صوبائی حکومت ہنگامی ضروریات کی حامل جاری سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا فیصلہ پہلے سے کر چکی ہے کیونکہ ہم عوام کو درپیش مسائل کا تیز رفتار حل چاہتے ہیں اور اُنہیں ریلیف دینا چاہتے ہیں۔