News Details

15/05/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو مزید بااختیار اور مضبوط بنانے کیلئے قانون میں ضروری ترامیم کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو مزید بااختیار اور مضبوط بنانے کیلئے قانون میں ضروری ترامیم کی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ضیاءاللہ بنگش ، منیجنگ ڈائریکٹر پرائیوٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی، پیرنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں صوبے کے نجی تعلیمی شعبے میں اصلاحات اور انہیں قوائد و ضوابط کا پابند بنانے اور اس سلسلے میں مطلوبہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ریگولیٹری اتھارٹی میں والدین کے نمائندوں کو بھی پرائیویٹ سکولوں کے نمائندوں کے برابر ہونا چاہئے اور معاملات میں دلچسپی لینے والے والدین کو شامل کر نا چاہئے تاکہ اتھارٹی کو صحیح معنوں میں فعال بنایا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت سرکاری اور نجی دونوں تعلیمی شعبوں کو قوائد و ضوابط کا پابند دیکھنا چاہتی ہے ۔سرکاری تعلیمی اداروں کیلئے متعدد اصلاحات اور اقدامات عمل میں لائے جاچکے ہیںتاہم نجی تعلیمی اداروںکیلئے ریگولیٹری اتھارٹی کو مزید باا ختیار بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے اس مقصد کیلئے متعلقہ قانون میں درکار ترامیم پر کام کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارا حتمی مقصد بچوں کے تعلیمی کیرئیر کو محفوظ اور بہتر بنانا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ نجی سکولوں میں چھٹیوں کی فیس ، فیس میں اضافے اور دیگر معاملات کے حوالے سے اعلیٰ عدلیہ کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس امر کی تائید کی جا چکی ہے ۔ اتھارٹی کابینہ اجلاس کے فیصلے کو سامنے رکھ کر اپنا کام کرے۔