News Details

13/05/2019

وزیراعلیٰ نے بی آرٹی کی بروقت تکمیل کو ممکن بنانے کیلئے منصوبے پر ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ نے بی آرٹی کی بروقت تکمیل کو ممکن بنانے کیلئے منصوبے پر ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت کی ہے ایس ایس یو ہیڈ صاحبزادہ سعیدکو نگرانی کرنے کی ہدایت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خصوصی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ بی آر ٹی کی ٹائم لائن کے اندرتکمیل ممکن بنانے کیلئے ڈبل شفٹوں میں کام شروع کیا جائے ۔ انہوںنے کنٹریکٹرز کے پےمنٹ اور دیگر مسائل کو بھی حل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی پر ڈبل شفٹ میں کام کرنے کو یقینی بنانے کیلئے ایس ایس یو کے ہیڈ صاحبزادہ سعید کو نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں بی آر ٹی منصوبے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سلیم خان، ایس ایم بی آر ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، ایس ایس یو ہیڈ صاحبزادہ سعید ، ڈی جی پی ڈی اے اور بی آر ٹی کنٹریکٹرز و دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ کنٹریکٹرز نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جبکہ ڈی جی پی ڈی اے نے بی آر ٹی پر کام کی پیشرفت اور اُس کی تکمیل پر تفصیلی بریفینگ دی ۔ وزیراعلیٰ نے کنٹریکٹرز کے مسائل غور سے سنے اور اُن کی حل کی یقینی دہانی بھی کرائی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بی آر ٹی کی معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور کے تمام فیچرز کی مطلوبہ معیار کیمطابق کی تیزرفتار تکمیل یقینی بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا اور شہریوں کو بہترین سفری سہولت دینا صوبائی حکومت کا ہدف ہے۔ اجلاس کو بی آر ٹی کے تینو ں ریچز خصوصاً بس سٹیشنز، بس ڈپوزاور فیڈر روٹس وغیرہ پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی سے عوام کی بڑی توقعات وابسطہ ہیں ، اسلئے منصوبے کے تحت تمام سہولیات مطلوبہ معیار کے مطابق یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو آپس میں کوآرڈینیشن کے ذریعے تیز رفتار کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کی معیاری تکمیل یقینی ہو سکے ۔ انہوں نے خصوصی طور پر نکاسی آب کے نظام پر توجہ دینے جبکہ مخلوط ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے مزید اقدامات کی ہدایت کی تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔