News Details
02/05/2019
ڈیم کی تعمیر توانائی اور آبی ذخائر کی ضروریات پوری کرنے کی طرف اہم سنگ میل ہے وادی تیراہ میں امن میلے کا انعقاد خطے میں امن کی بحالی کا ثبوت ہے،
مہمند ڈیم کی تعمیر توانائی اور آبی ذخائر کی ضروریات پوری کرنے کی طرف اہم سنگ میل ہے
وادی تیراہ میں امن میلے کا انعقاد خطے میں امن کی بحالی کا ثبوت ہے، وزیراعلیٰ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کی تعمیر کا افتتاح ملک میں توانائی اورآبی ذخائر کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، یہ منصوبہ عوام کی ایک دیرینہ خواہش اور وقت کی ضرورت تھی ۔ مہمند ڈیم کی تعمیر علاقے میں سماجی ،زرعی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔وادی تیراہ میں باغ امن میلہ کا انعقاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خطے میں امن بحال ہو چکا ہے اور اب تمام قبائلی اضلاع ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلع مہمند اور وادی تیراہ کے دورہ کے دوران قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے وادی تیراہ میں باغ امن میلہ اور ضلع مہمند میں مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقاریب میں شرکت کی ۔ وزیراعظم عمران خان ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان ثاقب نثار، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، قبائلی عمائدین اور متعلقہ اداروں کے سربراہان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد یہاں کے عوام کی دیرینہ خواہش تھی ۔ اس منصوبے سے عوام کو متعدد سہولتیں فراہم ہوں گی ، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ، توانائی کے مسائل حل ہوں گے اور مجموعی طور پر ترقی اور خوشحالی کوفروغ ملے گا۔واضح رہے کہ 700 فٹ بلند مہمند ڈیم میں 1.293ملین ایکڑ فیٹ پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد ہو گی ، اس منصوبے سے 800 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی ۔ 16737 ایکڑ اراضی سیراب ہو گی ۔ یہ ڈیم سیلاب کے خطرات کو روکنے کے ساتھ ساتھ علاقے کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کے پی سی ون کی لاگت 3 لاکھ 9 ہزار588 ملین روپے ہے ، مالی سال 2018-19 کے لئے پی ایس ڈی پی میں منصوبے کے لئے 17 ہزار ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ یہ منصوبہ جولائی2024 تک مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ملک میں آبی ذخائر کی ضرورت و اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر قابل عمل منصوبہ بند ی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے ۔ صوبے کے قدرتی وسائل خصوصاً آبی وسائل کو معاشی استحکام کا ذریعہ بنانے پر کام جاری ہے ۔ پن بجلی کے متعدد منصوبے مکمل ہیں اور کئی منصوبوں پر کام شروع ہے ۔ جن کی تکمیل سے قومی سطح پر توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو گی ۔قبل ازیں وادی تیراہ میں باغ امن میلے میں قبائلی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے میلے میں شریک نوجوانوں کے حوصلے کو سراہا ۔اس موقع پر قبائلی نوجوانوں نے معروف ثقافتی رقص پیش کیا اور مختلف قسم کے کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ، جن کو وزیراعلیٰ نے بے حد سراہااور نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کئے ۔