News Details
26/04/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سیدو گروپ آف ہاسپیٹلز کیلئے آلات اور مشینری کی خریداری سمیت تمام انتظامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے اور ہسپتال کوجلد فعال بنانے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سیدو گروپ آف ہاسپیٹلز کیلئے آلات اور مشینری کی خریداری سمیت تمام انتظامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے اور ہسپتال کوجلد فعال بنانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ عوامی فلاح کا دیرینہ پراجیکٹ ہے جس کی تکمیل سے علاج معالجے کے حوالے سے پورے ملاکنڈ میں لوگوں کی مشکلات دور ہوں گی اور انہیں سہولیات میسر آئےں گی۔ منصوبے کو فعال بنانے کے سلسلے میں مزید کوئی تاخیربرداشت نہیں کی جائیگی۔وہ وزیراعلیٰ پشاور میں سیدو گروپ آف ہاسپیٹلز کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل ، سیکرٹری ریلیف عابد مجید ، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر سیدو گروپ آف ہاسپیٹلز ، ایم ایس کڈنی ہسپتال سوات اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو سیدو گروپ آف ہاسپیٹلز سوات پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے تمام انتظامات مکمل کرکے ہسپتال کو بروقت فعال بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے کی عدم تکمیل کیوجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے ہسپتال کے لئے مشینری کی خریداری ایمرجنسی بنیادوں پر یقینی بنانے اور ایک ہفتے کے اندر پرچیزنگ آرڈر جاری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال کی عمارت کو بھی مکمل کرنے اوربجلی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ کو کڈنی ہسپتال سوات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہسپتال کو فعال کر دیا گیا ہے تاہم چند معمولی نوعیت کے مسائل ہےں جن کے لئے فنڈز کی ضرورت ہے وزیراعلیٰ نے تمام مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کڈنی ہسپتال میں علاج کے لئے آنے والے ایسے مریض جن کو ہیپاٹائٹس بی کی شکایت ہو ، کے علاج کیلئے بھی درکار سہولیات اور مشینری کی خریداری پلان میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے لئے ہاسٹل کا مسئلہ حل کرنے کے سلسلے میں متعلقہ حکام کیساتھ جلد میٹنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل میں منصوبہ بندی کا فقدان حائل نہیں ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی منصوبے کا پی سی ون مکمل اور جامع منصوبہ بندی کے تحت تیار کیا جائے تاکہ بعدمیں مسائل پیدا نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اس شعبے میں جاری منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کو فوقیت دی جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکےں۔