News Details
21/04/2019
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجود حکومت ضم شدہ قبائلی اضلاع کی 70 سالہ محرومیوں کو دور کرنے کے لیے دن رات کو ششیں کر رہی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجود حکومت ضم شدہ قبائلی اضلاع کی 70 سالہ محرومیوں کو دور کرنے کے لیے دن رات کو ششیں کر رہی ہے اور بہت جلد ان علاقوں میں بلدیاتی حکومتیں قائم کر کے حقیقی معنوں میں اختیارات عوام کو منتقل کر دیئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے عوام کی مشاورت سے شروع کئے جائیں گے تاکہ ان علاقوں میں ایک عوامی حکومت کو فروغ دیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے عوام کو نہ صرف ایف سی آر کے قانون نے 70 سال تک ترقی کے عمل سے دور رکھا بلکہ پچھلے 14 سال کی دہشتگردی نے کاروباری سرگرمیوں اور گھروں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کی تمام تر توجہ اب انہی محرومیوں کو دور کرنے پر مرکوز ہے تاکہ جلد از جلد ضم شدہ قبائلی اضلاع کی عوام کو قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام بھی ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پشتون قوم کو اب مزید ان نعروں پر دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کئی دہائیوں کے بعد ترقی کا سفر شروع ہوا ہے اور پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والے اپنے ناپاک عزائم کی خاطر اس ترقی کے عمل کو روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی قیادت پشتون قیادت ہے اور ہمیں اپنی قوم کی محرومیوں کا بخوبی اندازہ ہے اور انکے سدباب کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ آنے والے دس سال قبائلی علاقوں کے عوام کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام موجودہ حکومت کے ساتھ ملکر اپنی تقدیر بدلیں۔ انہو ں نے کہا ہے کہ تھوڑے سے عرصے میں موجودہ حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر تمام ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کو صحت انصاف کارڈز مہیاء کئے ہیں جس کے ذریعے ایک گھرانے میں موجود افراد 7لاکھ 20 ہزار تک علاج کسی بھی سرکاری یا پرائیویٹ ہسپتال میں مفت کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قلیل عرصہ میں موجودہ حکومت نے ان علاقوں کے نوجوانوں کے لیے ایک ارب روپے لاگت پر روزگار سکیم کا افتتاح بھی کر دیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے 50 ہزار سے لے کر 10 لاکھ تک بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اقدامات موجودہ حکومت کی خلوصِ نیت اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ محمود خان نے واضح کیا کہ تاریخ می پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دوسری مرتبہ تحریک انصاف کی حکومت پر اعتماد کیا ہے اور ہم دن رات محنت کر کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔