News Details
14/04/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور شہر کے بنیادی مراکز صحت اور چھوٹے ہسپتالوں کو طبی سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور شہر کے بنیادی مراکز صحت اور چھوٹے ہسپتالوں کو طبی سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہریوں کو بنیادی صحت کے سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ طبی مراکز شہریوں کو صحت کے سلسلے میں خدمات فراہم کرنیوالی پہلی سیڑھیاں ہیں لہٰذا ان کی زیادہ فعالیت بنیادی ہیلتھ کیئر کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں پشاور شہر کیلئے ہیلتھ پلان کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ہشام انعام اللہ ، وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی افتخار درانی،وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر، سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل ، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے پشاور شہر کے بنیادی مراکز صحت کی بہتری اور زیادہ فعالیت کے حوالے سے مجوزہ تفصیلی پلان سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں بنیادی مراکز صحت کی آپریشنل کارکردگی کی بہتری کیلئے بروقت فنڈ کا اجراء اور ماہانہ بنیادوں پر ادویات کی فراہمی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ہسپتالوں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کیلئے فعال مانیٹرنگ ضروری ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیساتھ ماہانہ بنیادوں پر ان طبی اداروں کی میٹنگز کا انعقاددرکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ پلان کے ذریعے بنیادی مراکز صحت کو شہریوں کیلئے بہتر انداز میں سہولیات فراہم کرنے کا قابل بنایا جاسکے گا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ہمارا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر صحت کے بہترین سہولیات فراہم کرناہے اور شہر میں بی ایچ یوز کی فعالت اور مضبوط کرنے کیلئے مجوزہ ہیلتھ پلان انتہائی کار آمد ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور شہر سمیت پورے صوبے کے ہسپتالوں اور چھوٹے مراکز صحت کو بہتر کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی ہر جگہ پر میسر ہوں۔