News Details

02/04/2019

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے 9 اپریل سے صوبے کے تمام ضلعی ہیدکوارٹرز اور صوبائی سطح پر کلین اینڈ گرین مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے 9 اپریل سے صوبے کے تمام ضلعی ہیدکوارٹرز اور صوبائی سطح پر کلین اینڈ گرین مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ تمام محکموں ، ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے بھر پور تیاری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی سربراہی میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں کلین اینڈ گرین ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت جاری کی کہ تمام صوبائی وزراء صوبے کے مختلف علاقوں میں مہم کا افتتاح اور سرپرستی کریں گے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں طلباء سے نقد جرمانوں کی بجائے ان سے پودے لگوائے جائیں اور صوبے بھر میں کلین اینڈ گرین مہم میں پیشرفت کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر پی ایم آر یو تمام محکموں اور ڈپٹی کمشنرز سے آن لائن ڈیٹا اکھٹا کرکے وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ محمود خان بذات خود مہم کی نگرانی کریں گے اور ہر صورت مہم میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ اسے کامیاب بنانا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت جاری کی کہ عوامی نمائندے پرائیوٹ سیکٹر کومہم کا حصہ بنائیں تاکہ عوامی اشتراک سے مہم کو عملی جامہ پہنایا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے مہم کے حوالے سے طے شدہ 48 پرفارمنس انڈکیٹر ز پر من و عن عمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان ایک قومی مہم ہے جسے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق آگے لے کر بڑھنا ہوگا ۔انہوں نے واضح کیا کہ کلین اینڈ گرین مہم پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے ، جس سے صوبے کے عوام کو نہ صرف صحت مند ماحول میسر ہو گا بلکہ قومی فریضے کے ادائیگی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے اس مہم کو اپنایا ہے اور اس کی تکمیل کی ذمہ داری لی ہے اس کی تکمیل سے پورے ملک اور خصوصی طور پر صوبے میں گلوبل وارمنگ کی روک تھام اور پانی اور ہوا کی آلودگی کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے مہم کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو عوام کے سامنے موثر انداز میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس سلسلے میں میڈیا کیلئے ایک سپیشل رپورٹ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکولوں کے سامنے سپیڈ بریکرز کے علاوہ صوبے بھر میں موجود باقی تمام سپیڈ بریکرز ہٹائے جائیں ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ضیاء اللہ بنگش ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلی شہاب علی شاہ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری سپورٹس ، سیکرٹری ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔