News Details
24/03/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ملاکنڈ ڈویژن کا مصروف ترین دورہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ملاکنڈ ڈویژن کا مصروف ترین دورہ
سمال انڈسٹریل سٹیٹ درگئی اور تھانہ میں گرڈ سٹیشن کا افتتاح
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وہ صوبے میں روزگار کے فروغ اور غربت کے خاتمے کے لئے صنعتی شعبے کی بحالی اور ترقی کو فوقیت دے رہے ہیں، حکومت کی پالیسی ہے کہ ہنر مند اور غیر ہنرمند افراد کو روزگار فراہم کیا جائے، حکومت کی اس پالیسی سے تمام اضلاع یکساں مستفید ہو ں گے، تحریک انصاف کی حکومت میں ہر ضلعے اور علاقے کو اس کاحق ملے گا، اگرچہ وہ خود سوات سے تعلق رکھتے ہے تاہم وہ پورے صوبے کو اپنا گاؤں سمجھتے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ ہر علاقے میں جائیں اور لوگوں کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے درگئی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی نوشہرہ کے کیمپس کا قیام یقینی بنانے ، درگئی ہسپتال میں سٹاف کے لئے رہائش اور ہسپتال کی دیگر ضروریات کے لئے سکیم رواں اے ڈی پی میں ڈالنے، چلڈرن پارک بنانے ، برنگ ٹنل کے ذریعے درگئی کو موٹر وے سے منسلک کرنے اور سڑکوں کی بحالی کے لئے وسائل فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سمال انڈسٹریل سٹیٹ درگئی میں بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے گرڈ سٹیشن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا، وہ ملاکنڈ ڈویژن کے ایک روزہ دورہ کے دوران سمال انڈسٹریل سٹیٹ درگئی کی باضابطہ افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے تھانہ میں گرڈ سٹیشن کا افتتاح بھی کیا۔ ایم این اے جنید اکبر، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم ، ایم پی اے پیر مصور علی شاہ، صدر سمال انڈسٹریز ایسوسی ایشن سجاد خان، ایم ڈی سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ سید ظاہر علی شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر جہانزیب نے بھی تقریب سے خطاب کیا، جبکہ سنیٹر فدا محمد ، اراکین صوبائی اسمبلی فخر جہاں ، ہمایون خان، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اور صنعت کاروں نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت صنعت کے شعبے کو اس لئے ترجیح دے رہی ہے تاکہ غربت ختم ہو ، نوجوانوں کو روزگار ملے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کو اٹھانا وقت کی ضرورت ہے ، ہم صوبے کی مالی بنیاد کو مضبوط بنانے کے لئے سرگرم ہیں ، تھوڑا وقت ضرور لگے گا مگر معیشت کو اٹھائیں گے، اور عوام کے مسائل حل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں روزگار کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ صنعت ، معدنیات اور توانائی کے شعبوں کے ذریعے بیروزگار ی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں کے علاوہ سیاحت کا بھی معیشت میں اہم کردار ہے، انکی حکومت سیاحت کو بطور صنعت فروغ دینے پر کام کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے الگ سے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کا اجراء بھی کیا جاچکا ہے، اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضہ دیا جائیگاتاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں، یہ تمام تر اقدامات روزگار کی فراہمی کے لئے قومی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی صنعتوں کی بحالی و ترقی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ باجوڑ میں گھریلو صنعتی زون قائم کیا جائیگا۔ان ہی خطوط پر دیگر قبائلی اضلاع میں بھی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت رشکئی سپیشل اکنامک زون کے منصوبے پر جلد کام شروع ہونے والا ہے جس سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے ، سرمایہ کاری آئی گی اورمعیشت کو استحکام ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے انڈسٹریل سٹیٹس میں ہنر مند اور غیر ہنرمند مقامی افراد کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقامی لوگوں کا حق ہے جو ان کو ملنا چاہیئے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صنعتی بستیوں میں ماحول دشمن سرگرمیوں کی اجازت نہ دی جائے ، ماحولیاتی تبدیلی کے تناظر میں ضروری ہے کہ ماحول دوست صنعتوں کو ترجیح دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس حقیقت میں کوئی شک نہیں کہ ہمیں کارخانوں کی ضرورت ہے اور ہم نے کارخانے لگانے ہیں مگر ساتھ صحت اور ماحولیات کا بھی خیال رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام سرگرمیاں انسان کی فلاح کے لئے ہیں اور ہم انسانیت پر سرمایہ کاری کرنے پر یقین رکھتے ہیں، یہی ہماری پالیسی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر درگئی میں سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا بھی یقین دلایا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ درگئی تک ریلوے لائن بھی جلدبحال ہو جائے گی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کو سمال انڈسٹریل سٹیٹ درگئی پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ یہ انڈسٹریل سٹیٹ 243کنال اراضی پر مشتمل ہے ، جس پر تقریباً 44کروڑ 50لاکھ روپے خرچہ آیا ہے۔ ترقیاتی کام مکمل ہے مجموعی طور پر 82پلاٹس ہیں جن میں سے 75الاٹ کر دئیے گئے ہیں۔انڈسٹریل سٹیٹ کی توسیع کا پلان بھی موجود ہے جس کے لئے زمین حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ صوبے میں 13 سمال انڈسٹریل سٹیٹس ہیں جن میں مختلف نوعیت کے 542صنعتی یونٹس کام کررہے ہیں، مجموعی طور پر ایک لاکھ 62ہزار روزگار کے مواقع فراہم کئے جاچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ہر ضلع میں ایک صنعتی بستی قائم کرنے جارہے ہیں، مختلف ضلعوں میں اس مقصد کے لئے زمین کے حصول کی کوشش جاری ہے ۔