News Details

21/03/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آج شام کو وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آج شام کو وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں سابقہ فاٹا میں ترقیاتی اصلاحات اور فلاحی سرگرمیوں سمیت پشاور اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں صوبائی حکومت کی طرف سے جاری مختلف بڑے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو صوبے اور مرکز کے مختلف ڈویژنز اور اداروں کیساتھ ہونے والے اجلاسوں اور کوآرڈینیشن سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ضم شدہ اضلاع کی ترقی ، خوشحالی ، آبادکاری اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے لئے ایک مکمل پلاننگ اور وسائل کے استعمال کی ہدایت کی اور کہا کہ ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں کا محور غریب عوام ہونا چاہیئے۔حکومت نے وسائل کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں عوامی فلاح کیطرف بتدریج لیکن تیز رفتاری کیساتھ آگے بڑھنا ہے۔ ہمارے وسائل انسانی ترقی پرخرچ ہونے چاہئیں، پھر ہمارے لوگ خود اپنی ترقی اپنی مرضی سے پلان کرسکیں گے۔ وزیراعظم نے سابقہ قبائلی علاقے کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے والے اقدامات ، منصوبہ بندی اور سکیموں کے اجراء کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو فنانس ڈویژن اور مواصلات کے مابین ہونے والے اجلاس سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انضمام کے لئے ہم تیاری کے بعد بتدریج آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہماری کوششوں کا مقصد دہشت گردی اور شدت پسندی اور اس کے بعد ہونے والے آپریشن کے نتیجے میں بے گھر لوگوں کی بحالی ، آباد کاری اورلوگوں کو معاوضہ دینا اور قبائلی اضلاع میں اقتصادی سرگرمیوں کا احیاء ہے ۔ ہم دن رات قبائلی اضلاع کے لوگوں کے لئے کام کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکے قبائلی اضلاع کے دورے کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں، وہاں کے لئے ترقیاتی سکیموں کے اعلانات پر عملدرآمد کے لئے وہ خود ہدایات دے چکے ہیں، اور تمام ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں کو وہ خود مانیٹر کر رہے ہیں۔