News Details
20/03/2019
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ سیدو ٹیچنگ ہسپتال کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کیا جائے اور کہا کہ ان کی حکومت صوبے کے تمام ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں علاج معالجے کی مؤثر اور بہترین سہولیات دیکھنا چاہتی ہے اس سلسلے میں وسائل کی کمی آڑے نہیں آئیگی۔انہوں نے سوات میں کڈنی ہسپتال کے قیام کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، سیکرٹری محکمہ صحت ، سیکرٹری ریلیف ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر سیدوگروپ آف ہاسپیٹل اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے جون کے آخر تک ہسپتال کو مکمل طور پر فعال بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس مقصد کیلئے مختص وسائل کا شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سیدو تدریسی ہسپتال اور کالج دونوں کیلئے ایس این ایز کی منظوری دینے کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ آلات کی خریداری کے مجموعی عمل کو مکمل کیا جائے، کمزوریاں دور کی جائیں، لیکچر ہال، ہاسٹل اور بلاک وغیرہ کی تعمیر کے لئے ممکنہ اخراجات کی تفصیل پیش کیجائے۔ صوبائی حکومت سیدو ہسپتال کو فوری فعال بنانے کیلئے دستیاب وسائل کے مطابق ہر تعاون فراہم کریگی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ بارہ سال سے یہ ہسپتال وہ تمام سہولیات دینے کے قابل نہیں بنایا جاسکاجوپورے ضلعے اور مضافاتی علاقوں کیلئے ناگزیر ہیں۔ ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کی تعیناتی ، سہولیات کیلئے ضروری مشینری اور آلات کی فوری دستیابی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ سیدو میڈیکل کالج کے اپنے پیدا کردہ وسائل کیلئے شفاف طریقہ کار اپنایا جائے اور سہولیات کو مزید توسیع دی جائے تاکہ علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیراعلیٰ نے سوات میں کڈنی ہاسٹل کے قیام کیلئے زمین کی فراہمی اور ڈونرز کی مددسے بلڈنگ کی تعمیر کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے سیدو ہسپتال کے سنٹرل آکسیجن کیلئے پلان پی ڈی ڈبلیو پی کو بھیجنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو بھی ہدایت کی کہ یہ سکیم فوری طور پر منظور کی جائے۔انہوں نے ہسپتال کی سلف فنانسنگ سے حاصل ہونے والے وسائل کا شفاف استعمال کی ہدایت کی۔بعض ناگزیر اقدامات کیلئے صوبائی کابینہ اپنے گذشتہ اجلاس میں اس کی منظوری پہلے سے دے چکی ہے۔تاہم اس سلسلے میں باضابطہ سمری جلد پہنچنی چاہئے تاکہ نئی آسامیوں کی تخلیق اور تعمیراتی کام مکمل کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ادویات کی خریداری کیلئے5 کروڑ روپے جاری کر چکی ہے اور یہی انتظام دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کیلئے بھی کیا گیا ہے ۔ انہوں نے محکمہ صحت کو اس سلسلے میں قابل عمل طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ہسپتالوں کی درجہ بندی کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ تمام ہسپتالوں کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے سلسلے میں یکساں معیار اپنایا جائے۔ہم معاشرے کے غریب اور نادار عوام کو صحت کی بہترین سہولیات دینا چاہتے ہے اور اس سلسلے میں درکار وسائل فراہم کرینگے۔